سکیورٹیٰ پر بھروسہ ، دورہ پاکستان شیڈول کے مطابق ہوگا : انگلش کرکٹ بورڈ 


لاہور(سپورٹس رپورٹر)انگلش کرکٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر راب کی نے کہا ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم کا دورہ پاکستان شیڈول کے مطابق ہوگا۔ سکیورٹی وفدنے حالات معمول کے مطابق ہونے کی رپورٹ دی اور ای سی بی سمیت ٹیسٹ سکواڈ کے ہر کھلاڑی کو اپنے سکیورٹی وفد کی رپورٹ پر مکمل بھروسہ ہے۔ٹیم کا دورہ پاکستان تاریخی ہوگا، گزشتہ ٹی ٹونٹی سیریز کے دوران پاکستان میں انگلینڈ کا بہترین خیال رکھا گیا تھا، پاکستان میں جتنی سکیورٹی ملی، ہم نے اس سے بہتر کی اْمید نہیں کی تھی  لہٰذا ای سی بی اور سکیورٹی وفد پر بھروسہ ہے، ہمیں کوئی تشویش نہیں۔انگلینڈ کے ٹیسٹ کپتان بین سٹوکس دسمبر میں پاکستان کیخلاف اہم ٹیسٹ سیریز کیلئے تیار ہیں۔ سوشل میڈیا ہینڈل پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے بین سٹوکس نے کہا کہ وہ پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کیلئے پوری طرح تیار ہیں اور ابوظہبی میں پریکٹس کر رہے ہیں۔انگلینڈ کے تجربہ کار تیز گیند باز جیمز اینڈرسن پاکستان کے خلاف آئندہ تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز کیلئے پرجوش ہیں جو یکم دسمبر سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہونے والی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ٹیم تقریباً 17 سالوں میں پہلی بار پاکستان کا دورہ کریگی۔ میرے خیال میں اس سکواڈ میں شاید میں واحد کھلاڑی ہوں جس نے پاکستان کا ٹیسٹ دورہ کیا ہو۔یہ بات قابل غور ہے کہ دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز مارکس ٹریسکوتھک کی قیادت میں ٹیسٹ سکواڈ کے رکن تھے جس نے 2005ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔انہیں یقین ہے کہ پاکستان میں کرکٹ شائقین اور کھلاڑی انگلینڈ اور پاکستان کو ریڈ بال کی کرکٹ کھیلتے ہوئے دیکھ کر یکساں طور پر پرجوش ہوں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کھلاڑیوں کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا ہے۔انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے 18رکنی سکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے جس میں شامل کھلاڑی آج جمعرات کو اسلام آباد میں رپورٹ کریں گے ، سکواڈ 25 نومبر سے پنڈی سٹیڈیم میں ٹریننگ کا آغاز کرے گا۔قومی ٹیم نے ایشیا کپ اور ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے جس پر جمعرات کو قومی کرکٹرز کے اعزاز میں پی سی بی نے عشائیے کا بھی اہتمام کیا ہے جس میں ٹیسٹ سکواڈ کے ارکان سمیت وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی شریک ہوں گے، کھلاڑیوں کے اعزاز میں عشائیے کا مقصد ان کی حالیہ کارکردگی کو سراہنا ہے۔عشائیے میں سفارت کاروں سمیت اہم شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن