پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں : امریکی وفد 

لاہور (کامرس رپورٹر ) امریکہ کے اعلیٰ سطح تجارتی وفد نے ورلڈ ٹریڈ سینٹر یوٹاہ کے صدر اور سی ای او و میلز ہینسن کی سر براہی میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) ریجنل آفس لاہور کا دورہ کیا اور جس کا مقصد پاکستان میں دوطرفہ تجارت اور امریکی سرمایہ کاری میں اضافہ کرنا ہے۔ دونوں فریقوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے راستوں کو تلاش کرنے کیلئے دوطرفہ تجارت اور مختلف معاشی پیشرفتوں اور کاروباری اداروں کے بڑھتے ہوئے مفادات کی موجودہ حیثیت کے بارے میں خیالات کا تبادلہ کیا۔ریجنل چیئرمین ایف پی سی سی آئی محمد ندیم قریشی نے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے موجودبے حد مواقعوں پر روشنی ڈالی۔ محمد ندیم قریشی نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں اور یہ صحیح وقت ہے کہ زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کام، دواسازی اور مالی خدمات سمیت ممکنہ سیکٹرز میں سرمایہ کاری کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حقائق پاکستان کی معیشت میں امریکہ کی اہمیت پر زور دینے کے لئے کافی ہیں۔ امریکی وفد میں سٹرلنگ فاؤنڈیشن کے صدر اور سی ای او ایڈوربی رو اور یوٹاہ مسلم سوک لیگ کے نائب صدر اویس احمد بھی شامل تھے۔سابق صدر ایف پی سی سی آئی میاں انجم نثار اور نائب صدر ایف پی سی سی آئی رفعت ملک نے کہا کہ کاروباری فروغ کے لئے آسان ویزا اور مارکیٹ تک رسائی ضروری ہے۔ ہمیں مارکیٹ کی معلومات اور مشترکہ سیمینار، نمائش اور کاروباری وفود کے تبادلے کے لئے مشترکہ ورکنگ گروپس بنانے کے لئے کام کرنا چاہئے۔محمد ندیم قریشی نے مزید کہا کہ پاکستانی حکومت مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے زبردست مواقع فراہم کرتی ہے۔ امریکہ، یو ایس ایڈ کے توسط سے، حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے تاکہ وہ اپنے کاروباری طریقوں کو ہموار کرے اور پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے سرمایہ کاری کے ماحول کو مستحکم کرے۔میلز ہینسن، ایڈورڈ بی رو اور اویس احمد نے دونوں ممالک کے مابین معاشی تعلقات کو مستحکم کرنے کے لئے امریکہ کے عزم کی نشاندہی کی۔ امریکہ پاکستانی برآمدات کے لئے سب سے بڑی مارکیٹ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک امریکہ کے تاجروں کو قریب لانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبے کے طویل مدتی تعلقات ہونا چاہئے۔ انہوں نے مواصلات، تجارت اور معاشی خلیجوں کو ختم کرنے کے لئے پوری کوشش کرنے کا وعدہ کیا۔تمام شرکائ￿  نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے مابین مضبوط تعلقات تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے لئے بہت فائدہ مند ثابت ہوگا۔ اس سلسلے میں ایف پی سی سی آئی نے پاکستان سے متعلق سرمایہ کاری کانفرنسوں، کاروباری وفود کے دوروں اور دیگر امور سے متعلق زیادہ بروقت معلومات کے اشتراک کے لئے درخواست کی تاکہ ایف پی سی سی آئی بھی ان سرگرمیوں کو آسان بنا سکے۔ 

ای پیپر دی نیشن