یو ایم ٹی میں اردو صحافت کے 200سال مکمل ہونے پر کانفرنس 

لاہور ( سپیشل رپورٹر) یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کے سکول آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن سٹڈیز کے زیر اہتمام پہلی تین روزہ بین الاقوامی میڈیا اینڈ کمیونیکیشن کانفرنس منعقد کی گئی جس میں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔کانفرنس میں ڈی جی یو ایم ٹی عابد شیروانی، ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا، ڈین سکول آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر انجم ضیاء ، چیئرمین پنجاب ہائر ایجو کیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹرشاہد منیر، سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی، سلیم بخاری، سلمان غنی، ڈاکٹر الطاف اللہ ، سابق سینیٹر جاوید جبار سمیت فیکلٹی ،سٹاف اور طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔کانفرنس میں اردو صحافت پر 100 سے زائد تحقیقی جریدے بھی پیش کئے گئے جس میں اردو صحافت سے متعلق درپیش مسائل کا حل بتایا گیا اوراس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ کس طرح اردو صحافت کی اہمیت کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ڈین سکول آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن سٹڈیز ڈاکٹر پروفیسر ڈاکٹر انجم ضیاء نے اپنے ابتدائی کلمات میں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سمیت دیگر مہمانوں کا کانفرنس میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد اردو صحافت اور اس کی تاریخ پر روشنی ڈالنا ہے تاکہ اردو صحافت کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اردو صحافت کی تاریخ بہت پرانی ہے اور اردو کا پوری دنیا میں ایک مقام ہے۔ جامعات کا مقصد تحقیق کرنا ہے کیونکہ تحقیق کے ذریعے ہی قومیں ترقی کی راہ پر گامزن ہوتی ہیں۔اردو زبان اور صحافت کا برصغیر کی تاریخ میں بہت اہم کردار رہا ہے۔ ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا نے کہا کہ ہمارے مسائل، ہماری سمت اور ہماری سوچ ٹھیک ہونے سے ٹھیک ہو جائیں گے۔ ڈی جی یو ایم ٹی عابد شیروانی نے کہا کہ اردو صحافت پر منعقد ہونیوالی یہ اپنی نوعیت کی پہلی بین الاقوامی کانفرنس ہے۔

ای پیپر دی نیشن