کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان آٹوپارٹس مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین مشہود علی خان نے کہاہے کہ سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے موجودہ حالات میں آٹو موٹیو انڈسٹری کی بقاء کافی مشکل ہے،اسٹیٹ بینک کی درآمدات پر پابندیوں کی وجہ سے آٹو موٹیو انڈسٹری جولائی سے بحران کا شکار ہے، جس کی وجہ سے آٹو والیوم میں 50 فیصد کمی آئی ہے۔ مشہود علی خان نے بدھ کو میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ ہمیں اس ماہ کے آخر تک سیاسی استحکام کی امید ہے، جو کہ نئے سال سے صنعت کے لیے اچھا ہو گا، ورنہ بحران برقرار رہے گاتاہم اس بحران کے نتیجے میں بے روزگاری بھی ہوئی ہے، لیکن اسکا اہم ترین ایک یہ ہی حل ہے کہ تمام OEMs، حکومت اور صنعت کے دیگر اسٹیک ہولڈرز لوکلائزیشن پر بھرپور توجہ دے کر اسے ترقی کی جانب لے جائیں۔ مشہود علی خان نے مزید کہا کہ زمینی حقیقت یہ ہے کہ مقامی صنعتکار موجودہ سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے سرمایہ کاری نہیں کر پا رہے ہیں۔