لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی ڈویژن بنچ نے پیدل حج کے لیے سعودی عرب جانے والے انڈین شہری شہاب کی پاکستان میں راہداری ویزا جاری کرنے کے لیے دائر انٹرا کورٹ اپیل قابل سماعت نہ ہونے کی بنیاد پر خارج کر دی ہے۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس چودھری محمد اقبال اور جسٹس مزمل اختر شبیر پر مشتمل دو رکنی ڈویژن بنچ نے شہری سرور تاج کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ بھارتی شہری کیرالا سے تین ہزار کلومیٹر کی مسافت طے کر کے واہگہ بارڈر پہنچ چکے ہیں، پاکستانی حکام کی جانب سے انہیں راہداری ویزا جاری نہیں کیا جارہا ہے ۔ عدالت سے استدعا ہے کہ شہاب بھائی کو ویزا جاری کیا جائے۔