چشتیاں (نامہ نگار) محکمہ انہار کے ضلعی ومقامی افسران کی غفلت، لاپرواہی اور بددیانتی کی بنا پر چشتیاں کی بڑی نہر مراد میں 100فٹ چوڑا شگاف پڑ جانے سے سینکڑوں ایکڑ رقبہ میں گندم کی زیرکاشت فصل کے علاوہ دیگر فصلیں زیر آب آگئیں جس کے نتیجہ میں کسانوں کے کروڑوں روپے کے نقصان کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ نہر کا پانی نواحی چک 126مراد میں داخل ہوگیا ہے اور پانی کو گھروں میں داخل ہونے سے روکنے کیلئے کسانوں نے اپنی مدد آپ کے تحت کوششیں شروع کردی ہیں۔ چشتیاں کے نواحی چک 126مراد کی برجی 76اور 77 کے درمیان صبح 4بجے کے قریب نہر مراد میں اچانک شگاف پڑگیا جو کچھ دیر بعد 100فٹ چوڑا ہوگیا جس کے نتیجہ میں سینکڑوں ایکڑ رقبہ میں زیر کاشت گندم کی فصل اور دوسری فصلیں زیر آب آگئیں جس سے گندم کی فصلیں تباہ ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ چشتیاں کے کسانوں محمد اشرف، عبدالرحمن، محمد جمیل، نیاز احمد، غلام رسول نے وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی اور دیگر صوبائی وجنوبی پنجاب کے افسران سے اپنے مطالبہ میں کہا ہے کہ چشتیاں کی بڑی نہروں مراد اور نہر فورڈ کے کناروں کی حفاظت و دیکھ بھال میں غفلت کے مرتکب محکمہ انہار کے افسران، ایس ڈی او، بیلداراران وغیرہ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور شگاف سے کسانوں کے ہونے والے نقصان کے ازالہ کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔