اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) برطانوی رکن پارلیمنٹ یاسمین قریشی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہرممکن تعاون کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کی بڑی صلاحیت موجود ہے جس کو بہتر طور پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے تا کہ غیرملکی سرمایہ کار پاکستان میں زیادہ دلچسپی لیں۔ پاکستان میں اس وقت بہت سے تعمیراتی منصوبے جاری ہیں جو اس کی اقتصادی صلاحیت کو ظاہر کرتے ہیں۔ ایک مستحکم پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بہتر توجہ حاصل کر سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب میں کیا۔ یاسمین قریشی نے کہا کہ پاکستانی تاجر برادری فوڈ مصنوعات اور پھلوں کے ضیاع پر قابو پانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور مشینری سے فائدہ اٹھائے جس سے ان کی برآمدات بہتر ہوں گی۔