اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے پاکستان تحریک انصاف کے جلسہ کیلئے اسلام آباد سے گزرنے اور پریڈ گراؤنڈ میں ہیلی کاپٹر اتارنے کی اجازت سے متعلق کیس میں ریمارکس دیے کہ میں ان کو ہدایات دوں جو میں نہیں دے سکتا، یہ انتظامی کام ہے، میں یہ تو نہیں کہوں گا کہ قانون کے مطابق نہ کریں۔ گذشتہ روز پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کے دوران وکیل نے کہا کہ 26 نومبر کیلئے پی ٹی آئی نے راولپنڈی جلسہ کی کال دی ہے۔ جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ آپ کی استدعا ہے میں ان کو ہدایات دوں جو میں نہیں دے سکتا، یہ انتظامیہ کا کام ہے، جو درخواست آپ نے انتظامیہ کو دی وہ مسترد تو نہیں ہوئی ابھی؟، ہیلی پیڈ سروسز ہائیکورٹ تو نہیں دے سکتی۔ پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ آپ انتظامیہ کو ہدایت دے دیں کہ وہ قانون کے مطابق ہماری درخواست پر فیصلہ کریں۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ وہ تو انہوں نے قانون کے مطابق ہی کرنا ہے، میں یہ تو نہیں کہوں گا کہ قانون کے مطابق نہ کریں۔ عدالت کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔