اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت ) وفاقی حکومت نے ملک بھر کے افراد کو آسان اور ماہانہ اقساط پر سمارٹ فونز دینے کے منصوبے کا آغاز کردیا۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر سید امین الحق نے دارالحکومت اسلام آباد میں ’سمارٹ فون فار آل‘ منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کم آمدنی والے افراد کو آسان اقساط پر موبائل فونز فراہم کرے گی۔ وفاقی وزیر کے مطابق منصوبے کے تحت پورے ملک میں لوگوں کو سمارٹ فونز قسطوں پر فراہم کیے جائیں گے اور اس کے لیے سینٹرز کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ موبائل فونز لینے والے افراد کو 20 ہزار سے ایک لاکھ روپے مالیت کے فونز قسطوں پر دیے جائیں گے اور ان کی قسطیں تین سے 12 ماہ تک ہوں گی۔ ان کے مطابق لوگ 20 سے 30 فیصد ایڈوانس ادائیگی کرکے اپنے شناختی کارڈز پر موبائل فونز حاصل کر سکیں گے۔ موبائل فونز لینے کے بعد جو افراد ماہانہ قسطیں ادا نہیں کریں گے ان کے فونز کو لاک کردیا جائے گا اور وہ فون پاکستان سمیت دنیا کے کسی بھی ملک میں لاک ہونے کے بعد کھل نہیں سکیں گے۔