لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان کا ساتھ دیں، قائداعظم کے بعد یہ پہلا سچا لیڈر ہے۔ قوم کو عمران خان جیسا لیڈر ملا ہے شکر کریں اور اس کے لئے دعا کریں۔ پی ٹی آئی کے ساتھ ملکر عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کریں گے۔ عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کرے گا۔ دنیا بھر میں گرین پاسپورٹ کی عزت ہوگی۔ وہ جہانیاں کے چودھری پرویزالٰہی سٹیڈیم میں بہت بڑے جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ (ن) لیگ کو ایسی مار دیں، یہ دوبارہ اٹھ نہ سکیں۔ شہبازشریف کو شرم الشیخ جا کر بھی شرم نہیں آئی۔ شہبازشریف کو مانگنے کا ڈھنگ بھی نہیں آتا۔ شہبازشریف باہر جا کر ملک کو بدنام کررہا ہے اور باہر جا کر کہتا ہے مجھے بھیک دو۔ مجھے ڈر تھا کہ شہبازشریف جا کر کہے گاکہ مجھے واپسی کا ٹکٹ بھی کرا دو۔ شہبازشریف، نواز شریف اورن لیگ نے کبھی عوام کے لئے کچھ نہیں کیا۔ نوازشریف، شہبازشریف نے عوام کی بہتری کا کبھی نہیں سوچا۔ جو حکمران پیسے بنانے آتے ہیں ان کے کام میں برکت نہیں ہوتی۔ میں نے اپنے سابق دور میں خزانے میں 400ارب روپے سرپلس چھوڑے۔ اللہ تعالیٰ نے مجھے دینے والا بنایا ہے۔ پی ٹی آئی کے ساتھ ملکر دین کا کام کررہے ہیں۔ بچے اگر ناظرہ اور ترجمہ قرآن نہیں پڑھیں گے تو ڈاکٹر انجینئر نہیں بن سکیں گے۔ سہولتیں ملنے سے عوام کے گھروں میں خوشی آئے گی۔ الیکشن سے پہلے پھر آکر پوچھوں گا کہ آپ کے کام ہوئے کہ نہیں۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے جہانیاں کی تمام کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دینے کا اعلان کیا اور کہاکہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہانیاں کو 40 بیڈ سے 150بیڈز اپ گریڈ کررہے ہیں اور ہسپتال میں بلڈ بینک اور لیبر روم بھی بنائے جائیں گے۔ جہانیاں میں ٹراما سنٹر بنے گا، جہانیاں اور کچا کھوہ میں بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے کیمپس قائم کیے جائیں گے۔ جہانیاں کے گرلز ڈگری کالج کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ جہانیاں میں نیا چلڈرن ہسپتال بھی بنایا جائے گا۔ سپیڈو بس سروس کا دائرہ کار جہانیاں اور ٹھٹھہ صادق آباد تک بڑھایا جائے گا۔ جہانیاں کے 11بی ایچ یو میں ایمبولینسیں دی جائیں گی۔ جہانیاں میں 1122ریسیکو موٹر بائیک سروس شروع کی جائے گی۔ ٹھٹھہ صادق آباد میں سیوریج سسٹم کے لئے 20کروڑ روپے دئیے جائیں گے۔ پی پی 210اور پی پی 209 میں سو، سوکلو میٹر پختہ سڑکیں بنائی جائیں گی۔ حلقہ این اے 147میں 50فلٹریشن پلانٹ لگائے جائیں گے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خانیوال میں ایم آر آئی مشین نصب کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ جہاں سے غریبوں کی فلاح کا کام چھوڑا تھا وہیں سے دوبارہ شروع کیا ہے۔ جنوبی پنجاب میں بچیوں کو اب ڈبل وظیفہ ملے گا۔ ساڑھے 12ایکڑ سے کم اراضی رکھنے والے ہر کسان کو مفت سولر پمپ دیں گے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے پل 114-10/R ملتان وہاڑی روڈ تا پل 132-10/R ملتان دنیا پور روڈ کی تعمیر و توسیع کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ ساڑھے 15کلومیٹر طویل سڑک پر مجموعی طورپر 71کروڑ 40لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ یہ روڈ بننے سے لاکھوں مکینوں کو آمد و رفت میں آسانی ہوگی۔ جلسے سے ایم پی اے فیصل نیازی، پی ٹی آئی کے رہنما سید فخر امام، نوابزادہ عبدالرزاق خان نیازی، صوبائی مشیر ایاز خان نیازی، خالد جاوید وڑائچ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ملک عامر ڈوگر، سید عباس علی شاہ، علی خان نیازی، ملک ابراہیم میتلا، اکرام الغنی، پاکستان مسلم لیگ قائداعظم اور تحریک انصاف کے دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ جہانیاں آمد پر شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا شاندار استقبال کیا۔ زندہ باد کے نعرے لگائے۔ 33 سال کے بعد جہانیاں میں کسی بھی وزیراعلیٰ پنجاب کی آمد پر عوام کا جوش و خروش دیدنی رہا۔ چودھری پرویز الٰہی کی آمد پر جہانیاں کے داخلی و خارجی راستوں پر ’’جی آیاں نوں‘‘ کے خیر مقدمی بینرز لگائے گئے اور بڑے بڑے ہورڈنگز پر وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی تصاویر آویزاں کی گئیں۔ چودھری پرویز الٰہی کرکٹ سٹیڈیم جہانیاں میں 10 ہزار سے زائد کرسیاں لگائی گئی تھیں اور جلسہ گاہ میں تل دھرنے کی جگہ نہیں تھی۔ پرویز الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں سر گنگا رام کی پڑپوتی کیشا رام ہنسڈالے (Ms Kesha Ram Hinsdale) نے ملاقات کی۔ کیشا رام کے شوہر جیکب کرتاؤ ہنسڈالے بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے سر گنگا رام کی سماجی شعبے میں گراں قدر خدمات کو سراہا۔ وزیراعلیٰ نے اندرون لاہور ٹیکسالی گیٹ میں گنگارام کی رہائش گاہ کی بحالی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گنگارام کی رہائش گاہ کی تزئین و آرائش کی جائے گی اور گنگارام کی رہائش گاہ کو میوزیم بنائیں گے۔ کیشا رام ہنسڈالے نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے گنگارام ہسپتال کا دورہ کیا، مریضوں کو مفت ادویات بھی مل رہی ہیں اور بہترین علاج بھی۔ گنگارام ہسپتال میں مدر اینڈ چائلڈ بلاک کو دیکھ کر دلی خوشی ہوئی ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کا شعبہ صحت میں عام آدمی کی سہولت کے لئے حقیقی معنو ں میں کام نظر آتا ہے۔