حیدرآباد(نامہ نگار) آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کے مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی نے کہا کہ کسی بھی ادارے یا گھر میں نفاق، بے ترتیبی اختلافات کا باعث بنتی ہے جسکا نتیجہ تباہی کی صورت میں آتا ہے اس لئے ہمیشہ ہماری کوشش رہی ہے کہ اتحاد کو قائم رکھا جائے اور بناءکسی ذاتی، گروہی تفرقے میں رہ کر اتحاد کی برکت سے مسائل کو پائیہ تکمیل تک پہنچایا جائے کیونکہ مسائل کے حل کیلئے ہی یونین کا وجود ہے لیکن اسکے ساتھ ساتھ یونین کے بھی کچھ اصول ہوتے ہین جو قانونی قوائد ضوابط اور تنظیمی لحاظ سے ہوتے ہیں جن پر عملدرآمد کرنا مجھ سمیت ہم سب کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آپریشن سرکل حیسکو میرپورخاص زون کی تشکیل نو اور بڑے تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی جنرل سیکریٹری اقبال احمد خان، محمد حنیف خان، ریحان اقبال قائمخانی، الادین قائمخانی، نور احمد نظامانی، حامد قائمخانی، شفیق احمد کے علاوہ میزبانوں میں زونل چیئرمین یوسف سومرو، شاہد قائمخانی ، اکبر لغاری ، حمید چنہ، شاہد کاظمی ، سکندر مہر، اقبال گاما ، احتشام الدین، دانش عباسی، امیر حسن قائمخانی، رضوان کمبھار، لیاقت قائمخانی، ذوالفقار احمد آرائیں، و دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس میں میرپورخاص زون کی ڈویژنوں اور ماتحت سب ڈویژنوں عمر کوٹ، ڈگری، سمارو، نوکوٹ، مٹھی، میرپورخاص، میرواہ گورچانی، جھڈو، پتھورو، کے تمام یونین نمائندگان کے علاوہ جی ایس او کے چیئرمین عارف بھٹی بھی موجود تھے۔ تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قائد مزدور عبداللطیف نظامانی نے مزید کہا کہ ملازمین کو کام کرنے کے باوجود LOEشوکاز جاری کرنا افسران کی بددیانتی ہے جب ملازمین کی تعداد ہی کم ہے اور کام روزانہ کی بنیاد پر بڑھ رہا ہے تو چند آدمی کسطرح کام کو مکمل کرپائینگے اسکے باوجود ملازمین اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر شہید اور زندگی بھر کیلئے معذور ہورہے ہیں ان کی حوصلہ و ہمت افزائی کے بجائے انکے لیے مسائل کو جنم دیا جارہا ہے ملازمین کے ان تمام مسائل کو نہ صرف حل کرایا جائیگا بلکہ ان کا خاتمہ بھی کرایا جائیگا، ریٹائرڈ ملازم کی ایک سال بعد انکوائری نہیں ہوسکتی اگر کوئی آفیسر کرتا ہے تو وہ قانونی جرم اور خلاف قانون ہے، سیفٹی کیلئے ہمیں سیفٹی کلچر کو پروان چڑھانا ہوگا تنظیم میں ایک اور ایک سے مراد دو نہیں بلکہ گیارہ ہوتے ہیں،یونین میں ہر دو سال بعد الیکشن ہوتے ہیں آج یہاں آنے کا مقصد یہ بھی تھا کہ جب سب ڈویژنوں ، ڈویژنوں کے الیکشن مکمل ہوچکے ہیں تو زون کی بھی تشکیل نو کی جائے اور اسکا قیام عمل میں لایا جائے ۔یونین ادارے میں بجلی چوری، کنڈہ کنکشن اور کمیشن کی وصولی کے خلاف ہے ہمارا ان سے کوئی تعلق نہیں اگر کوئی انفرادی طور پر یہ عمل کرتا ہے تو وہ اس کا خود گناہ گار اور اللہ کے آگے جواب دہ ہوگا۔