گندم کی فی ایکڑ پیداوارمیں مزید اضافہ نا گزیر ہے: حسین جہانیاں گردیزی


ملتان‘ کبیر والا (خبر نگار خصوصی‘ نمائندہ نوائے وقت) وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے کہا ہے کہ گندم کی کاشت اور اس کے پیداواری ہدف کے حصول کے لئے پرعزم ہیں اور حکومت پنجاب کاشتکاروں کوہر ممکن مددورہنمائی فراہم کر رہی ہے۔ گندم کی فصل ملکی فوڈ سیکیورٹی میں کلیدی کردار کی حامل ہے۔ ملک میں گندم کی مجموعی پیداوار میں صوبہ پنجاب کا حصہ 76 فیصد ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے محکمہ زراعت پنجاب اور فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی کے باہمی تعاون سے ملتان میں زیادہ گندم اگاؤ مہم کے سلسلہ میں منعقدہ کسان کنونشن میں ویڈیو پیغام میں کیا۔ صوبائی وزیر زراعت نے مزید کہا کہ امسال حکومت پنجاب گندم کے بیج و دیگر زرعی مداخل پر 2 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کر رہی ہے تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ سے ملکی فوڈ سیکورٹی کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی فصل کو مزید منافع بخش بنانے کے لئے اس کی فی ایکڑ پیداوارمیں مزید اضافہ نا گزیر ہے۔تقریب سے ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس جنوبی پنجاب امتیاز احمد وڑایچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امسال کاشتکاروں کو کم سے کم خرچ سے زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لئے جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے تحت آگاہی دی جا رہی ہے اور زیادہ گندم اگاؤ مہم کو کامیاب کرنے کے لئے محکمہ تمام ذرائع بروئے کار لا رہا ہے۔ اس موقع پر وائس چانسلر ایم این زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کہا کہ گندم کی پیداوار میں اضافہ ہمارا قومی فریضہ ہے۔ زرعی جامعہ کے طلبہ و طالبات بھی محکمہ زراعت کے شانہ بشانہ فیلڈ میں کاشتکاروں کی رہنمائی میں مصروف عمل ہیں۔ اس موقع پرنجی کمپنی کے زرعی ماہر ڈاکٹر سعید اقبال اور ڈائریکٹر شہزاد صابر نے بھی خطاب کیا۔دریں اثنا صوبائی وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی نے سید گروپ کے سینئر رہنما محمد فردوس خان بھٹہ کی جانب سے بھٹہ ہاؤس کبیروالا میں دئیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  پنجاب حکومت،کسانوں کو درپیش مسائل اور مشکلات سے نکالنے کیلئے دستیاب وسائل کو بروئے کارلاکرہر ممکن اقدات کو یقینی بنارہی ہے۔عشائیہ میں ممبر تحصیل امن کمیٹی وقاص احمد خان بھٹہ،تجمل عباس خان بھٹہ،ڈاکٹر جاوید احمد خان بھٹہ،شکیل احمد خان بھٹہ،صائم عباس خان بھٹہ،بہادرخان ڈاہر،سجاد خان، ریاست علی اور دیگر نے شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن