لاہور(سپورٹس رپورٹر) دورہ آسٹریلیا کی تیاری کیلئے پاکستان ٹیسٹ سکواڈ نے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کیمپ کے پہلے روز ٹریننگ کا آغاز کردیا، اس موقع پر سرفراز احمد کی جانب سے وکٹ کیپنگ اور سلیپ فیلڈنگ کی پریکٹس کی گئی۔پاکستان ٹیسٹ سکواڈ نے سہ پہر دو بجے تک پنڈی سٹیڈیم میں پریکٹس کی جبکہ قومی ٹیم آئندہ دنوں میں پریکٹس کا عمل جاری رکھے گی۔پی سی بی نے تربیتی کیمپ میں تین باؤلرز ثمین گل، علی شفیق اور محمد علی کو بھی شامل کرلیا ہے، پی سی بی کے مطابق فاسٹ باؤلر شاہنواز دھانی باؤلنگ کےلئے فٹ نہیں ہیں، لہٰذا انہیں ری ہیب کےلئے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابراعظم، سرفراز احمد اور عثمان قادر کو پریکٹس کے بعد امام الحق کی شادی میں شرکت کی بھی اجازت دےدی تاہم تینوں کرکٹرز آج کیمپ میں پریکٹس کےلئے موجود ہوں گے۔ نوجوان بیٹر صائم ایوب نے ڈائریکٹر پاکستان کرکٹ ٹیم محمد حفیظ کےساتھ نیٹ پریکٹس کی۔محمد حفیظ نے امپائر سٹمپ پر کھڑے ہو کر صائم ایوب کی بیٹنگ دیکھی۔نیٹس کے بعد محمد حفیظ نے صائم ایوب سے بیٹنگ کے حوالے سے گفتگو بھی کی۔ فاسٹ باؤلنگ کوچ عمر گل نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کی پچز اور کنڈیشنز کو مدِنظر رکھتے ہوئے پریکٹس کر رہے ہیں۔آسٹریلیا میں اچھے نتائج دیں گے۔ آسٹریلیا کے دورے میں نسیم شاہ کی کمی محسوس ہوگی۔ ٹیسٹ کرکٹ میں لمبے سپیل کرانا معمول کی بات ہے، لمبے سپیل کرانے سے متعلق حکمتِ عملی تیار کی ہے، باؤلنگ میں ہمیشہ بہتری کی ضرورت ہوتی ہے۔ شاہین آفریدی کافی تجربہ کار ہے، کیمپ میں 4 مختلف پچز پر پریکٹس کریں گے، آسٹریلیا کی کنڈیشنز چیلنجنگ ہوتی ہیں جس کیلئے محنت کی ضرورت ہوتی ہے۔ ورلڈ کپ میں ایسی پرفارمنس نہیں رہی جیسی امید تھی، ڈومیسٹک کے پرفارمرز کو عزت دینی چاہیے، کھلاڑی اور ٹیم مینجمنٹ مل کر ورک لوڈ کو ہینڈل کرتے ہیں۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز 14 دسمبر سے شروع ہوگی۔دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 14 سے 18 دسمبر تک پرتھ میں کھیلا جائےگا۔ دوسرا ٹیسٹ 26 سے 30 دسمبر تک میلبورن میںجبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 3 سے 7 جنوری تک سڈنی میں شیڈول ہے۔
دورہ آسٹریلیا: قومی کرکٹرز کا تربیتی کیمپ، دھانی ان فٹ، مزید 3باؤلرز شامل
Nov 24, 2023