مقبوضہ کشمیر: مودی حکومت کشمیریوں کی جدوجہد دبانے کیلئے وحشیانہ حربے استعمال کرہیں : حریت کانفرنس

سرینگر (اے پی پی‘ کے پی آئی)بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے نریندر مودی کی زیرقیادت بھارتی حکومت کی طرف سے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کو دبانے کے لیے استعمال کیے جانے والے وحشیانہ ہتھکنڈوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کشمیر کے صدر ڈاکٹر نثار الحسن، سلام راتھر، عبدالمجید بٹ اور فاروق احمد میر سمیت سرکاری ملازمین کو نوکریوں برطرف کرنے کی شدید مذمت کی۔جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں لوگوں کی املاک کو کسی نہ کسی بہانے سے چھیننے کی جاری مہم کے دوران مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت نے بدھ کے روز ضلع کپواڑہ میں ایک اورکشمیری کی زمین پر قبضہ کر لیا۔دوسری جانب مقبوضہ ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر ایک بھارتی فوجی حادثاتی طور پر ہلاک ہو گیا۔مینڈھر سیکٹر میں پھگواری گلی میں باڑ کے قریب فوجی اہلکارجودھ پور کے ایک رائفل مین مادھو سنگھ غلطی سے اپنی سروس رائفل چل جانے کیوجہ سے ہلاک ہوا۔ جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے علاقے میں جاری بجلی کے بحران پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔محبوبہ مفتی نے ایکس پر جاری اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ بھارتی حکام نے بجلی کے بحران کو حل کرنے میں بے حسی کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سمارٹ میٹروں کی تنصیب اور حد سے زیادہ ٹیرف کے باوجود بجلی کہیں نظر نہیں آتی۔

ای پیپر دی نیشن