تھر کول پر بیان غیر حقیقی‘ نوازشریف حکومت نے منصوبہ بند کرا دیا تھا: مراد شاہ

Nov 24, 2023

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم نوازشریف کے تھرکول سے پہلی بار بجلی پیدا کرنے کے بیان پر سابق وزیراعلیٰ سندھ اور پیپلزپارٹی کے رہنما مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نوازشریف کی حکومت نے تھر منصوبے پر کام بالکل بند کرا دیا تھا۔ نوازشریف نے کہا کہ ہم بہت باتیں سنتے تھے کہ سندھ میں کوئلے کی کانیں ہیں‘ لیکن کوئلے کی ان کانوں پر کام کسی نے نہیںکیا تھا۔ پہلی بار ہم نے سندھ میں کوئلے کے ذخائر کو استعمال کرکے بجلی پیدا کی۔ نوازشریف کے بیان پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ نوازشریف نے تھر کول کے بارے میںجو کہا‘ وہ حقیقت پر مبنی نہیں۔ تھر کا کوئلہ 1991ءمیں دریافت ہوا تھا۔ تھر کوئلہ دریافت ہوئے تیس بتیس سال ہوئے۔ نواز شریف 50 سال سے پتہ نہیں کہاں سن رہے تھے۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ کول اتھارٹی نے 1995 میں 10 ہزار 560 میگاواٹ کے پاور پلانٹس کے ایم او یو پر دستخط کئے۔ 1995ءمیں محترمہ بینظیر بھٹو نے تھر کول منصوبے کا افتتاح کیا۔ نوازشریف کی حکومت نے تھر منصوبے پر کام بالکل بند کرا دیا تھا۔ تھر منصوبے پر جو غیرملکی سرمایہ کار کام کررہے تھے‘ وہ ملک سے چلے گئے۔ 2008ءمیں جب پیپلزپارٹی کی حکومت آئی‘ تو دوبارہ غیرملکی سرمایہ کار سے رابطہ کیا۔ بدقسمتی سے غیرملکی سرمایہ کار نے کہا کہ اب ہم پاکستان میں کام نہیں کریں گے۔

مزیدخبریں