اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے ملک میں سیاسی ماحول کو بہتر بنانے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں، کسی سے کوئی امتیاز نہیں ہوگا، ریاستی میڈیا پر تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں کوریج فراہم کی جا رہی ہے، میڈیا کو انتخابات کے دوران سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا، مس انفارمیشن، ڈس انفارمیشن اور جعلی خبریں پوری دنیا کا مسئلہ ہیں، سوشل میڈیا پر سب سے بڑا چیلنج جعلی خبریں ہیں۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں ملاقات کے لئے آئے اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے صدر میجر جنرل (ر) رضا محمد کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی و معاشی صورتحال، جعلی خبروں اور ڈس انفارمیشن کے خاتمے، آئندہ عام انتخابات، سوشل میڈیا کے مسائل، جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک میں انتخابات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وفد نے نگران وفاقی وزیر اطلاعات کو ملک کے سیاسی منظر نامے پر اداروں کی تازہ ترین تحقیق سے آگاہ کیا اور نگران حکومت کے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے عزم کو سراہا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نگران حکومت آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے پرعزم ہے، انتخابات کے انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن کو ہرممکن سہولت فراہم کریں گے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں، کسی سے کوئی امتیاز نہیں ہوگا۔ ملک میں سیاسی ماحول کو بہتر بنانے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے کا فروغ ناگزیر ہے۔ مس انفارمیشن اور جعلی خبروں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ملاقات میں آئندہ عام انتخابات میں میڈیا کے کردار پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وفد نے پاکستان میں اتفاق رائے کو فروغ دینے کی کوششوں میں حکومت کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ وفد کے دیگر ارکان میں اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر (ایڈووکیسی اینڈ کمیونیکیشن) صدیق ہمایوں، حشام، مس جویریہ، انسٹیٹیوٹ آف کے ڈائریکٹر خرم عباس اور انسٹیٹیوٹ آف پالیسی سٹڈیز سے نوفل شامل تھے۔
سوشل میڈیا پر جعلی خبریں بڑا چیلنج، الیکشن کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کیلئے یکساں مواقع: مرتضیٰ سولنگی
Nov 24, 2023