لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج بلاوائیو میں کھیلا جائیگا۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن ساڑھے بارہ بجے شروع ہوگا۔عاقب جاوید کی عبوری وائٹ بال ہیڈ کوچ کی حیثیت سے پہلی ون ڈے سیریز ہوگی۔ انہیں چیمپینز ٹرافی تک یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ پاکستانی ون ڈے سکواڈ نے محمد رضوان کی قیادت میں سیریز سے قبل تین پریکٹس سیشنز کئے۔ 15رکنی سکواڈ میں عرفات منہاس، بابر اعظم، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی کی جگہ ابرار احمد‘ احمد دانیال شاہنواز دھانی اور طیب طاہر کو شامل کیا گیا ہے۔ کپتان محمد رضوان نے کہاہے کہ زمبابوے کیخلاف ون ڈے سیریز ہمارے لیے اتنی ہی اہم ہے کیونکہ ہمارا مقصد اپنی بینچ سٹرینتھ کو جانچنا ہے اور آئندہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کیلئے منصوبہ بندی کرنی ہے۔ اللہ تعالیٰ کی مدد سے، ہمارا مقصد آخری ون ڈے سیریز کی جیت کے تسلسل کو جاری رکھنا ہے۔ ہمارے تینوں اہم کھلاڑیوں کے آرام کرنے کے بعد یہ دیکھنا دلچسپی کا حامل ہوگا کہ دوسرے کھلاڑی اس سیریز میں کس طرح سامنے آتے ہیں اور ٹیم کی مدد کرتے ہیں۔ گزشتہ چار برسوں میں متعدد بار زمبابوے کیخلاف کھیلنے کے بعد ہم توقع کرتے ہیں کہ وہ تین ون ڈے میچوں کے دوران ہمارے لیے چیلنجز کا سامنا کریں گے۔ یہ سیریز آسٹریلیا میں تاریخی جیت کے بعد ٹمپرامنٹ کا بھی امتحان لے گی۔ زمبابوے کیخلاف اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرینگے، پاکستان ٹیم نوجوان پر مشتمل ہے، جو ایک چیلنج ہے۔ آسٹریلیا کیخلاف جیت کا تسلسل جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ زمبابوے کیخلاف اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرینگے، پاکستان ٹیم نوجوان پر مشتمل ہے، جو ایک چیلنج ہے، پاکستان کو اس سیریز سے سپرسٹارز ملیں گے۔ جب آپ ملک سے باہرکھیلتے ہیں تو پچ اور کنڈیشنز کا پتہ نہیں ہوتا۔ بطورپروفیشنل آپ کو تمام چیلنجز کیلئے تیار رہنا ہوتا ہے، عاقب جاوید ایک عرصے سے کوچنگ کررہے ہیں، 92 ورلڈکپ کا تجربہ ہے، کوچنگ سے ٹیم کو بہت فائدہ ہوگا۔
پہلا ون ڈے: پاکستان، زمبابوے آج مدمقابل، سریز چیلنج، سپر سٹارز ملیں گے: محمد رضوان
Nov 24, 2024