سانگلہ ہل(نمائندہ نوائے وقت) مختلف واقعات میں 2 افراد کو قتل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ کھرڑیانوالہ کی حدود میں واقع چک نمبر 105 ر ب میں چارہ کی رقم کے لین دین کے تنازعہ پر امان اللہ، قدرت اللہ اور حبیب وغیرہ نے فائرنگ کر کے فرخ کو قتل جبکہ 2 افراد ساجد اور عابد کو زخمی کر دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او اور ڈی ایس پی موقع پر پہنچ گئے تاہم ملزم فرار ہوگئے۔ زخمیوں اور نعش کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے قانونی کارروائی شروع کردی۔ علاوہ ازیں تھانہ کھرڑیانوالہ کے علاقہ 104 ر ب میں دیرینہ دشمنی پر مخالفین عبدالرؤف جٹ وغیرہ نے فائرنگ کر کے 55 سالہ شخص مظفر جٹ کو قتل کر دیا۔اطلاع ملنے پر پولیس حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے تاہم ملزمان فرار ہوگئے۔ پولیس نے مقتول کی نعش تحویل میں لیکر کارروائی شروع کردی۔