کامونکی:ٹی ایچ کیو ہسپتال ، پارکنگ مافیا کی اوور چارجنگ ، بدتمیزی معمول

کامونکی(نمائندہ خصوصی) تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں پارکنگ سٹینڈ پر مریضوں کے لواحقین سے نہ صرف منہ مانگے دام وصول کئے جارہے ہیں بلکہ اس امر پہ احتجاج کرنیوالے شہریوں سے متعلقہ ٹھیکیدار اور اسکے کارندوں کی بدتمیزی اور گالی گلوچ کے واقعات بھی معمول بن چکے ہیں جبکہ بعض اوقات میں شدید  بیمار مریضوں کے لواحقین اگر سٹینڈ پہ موٹر سائیکل کھڑی کرکے پریشانی کے عالم میں پرچی لئے بغیر وارڈ میں چلے جائیں تو عملہ انکی عدم موجودگی میں موٹر سائیکل چھپاکر انہیں گھنٹوں ذلیل کرتا ہے۔جبکہ ہسپتال سے موٹر سائیکل چوری ہونے کے متعدد واقعات بھی رونما ہوچکے ہیں اور مسروقہ موٹر سائیکلیں مقامی پولیس تاحال برآمد نہیںکرسکی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ مقامی ہسپتال میں علاج معالجہ کیلئے آتے ہیں جبکہ پارکنگ سٹینڈ کے عملہ کا رویہ اور زائد چارجنگ سے اندازہ ہوتا ہے کہ انہوں نے ہسپتال کی بجائے کسی تفریحی پارک کا ٹھیکہ لے رکھا ہے۔ شہریوں نے محکمہ صحت کے اعلی ضلعی حکام سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن