حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت) ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ ڈی پی او فیصل گلزار سمیت ضلعی انتظامیہ کے افسران، مقامی علمائے کرام اور کمیٹی کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں پارہ چنار میں ہونے والے افسوس ناک واقعہ کی شدیدمذمت کرتے ہوئے شہداء کے ایصال و ثواب اور درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی ۔اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے ڈپٹی کمشنرکاکہنا تھا کہ ضلعی بھر میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام علمائے کرام، مسالک اور دیگر سول سوسائٹی کے سرکردہ افراد کی کاوشیں ہمیشہ مثالی رہی ہیں۔اور اُمید ہے کہ آئندہ بھی آنے والے دنوں میں بھی تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد ضلع میں امن و امان کے قیام، باہمی رواداری ، بھائی چارہ ، صبرو تحمل اور مذہبی ہم آہنگی کا ثبوت دیتے ہوئے امن و امان کے قیام کو یقینی بنائینگے ۔ اس موقع پر تمام علمائے کرام اور کمیٹی کے دیگر اراکین نے پارہ چنار میں ہونے والے واقع کی شدید مذمت کر تے ہوئے اس امر کااظہار کیا کہ ملک بھر میں امن و امان کے قیام اور بالخصوص حافظ آباد میں امن و امان کے قیام کے لیے تما م مسالک کے علمائے کرام ، سول سوسائٹی ، میڈیا، انجمن تاجران اور دیگر سرکردہ افراد کا ایک دوسرے کے ساتھ باہمی جو تعاون ہے وہ ہمیشہ برقرار رہے گا اور ضلع بھر میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اورپولیس کے ساتھ ملکر کوششیں جاری رکھی جائینگے ۔