باکو (نوائے وقت رپورٹ) آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں جاری کانفرنس آف پارٹیز (کوپ) کے 29 ویں اجلاس میں یورپی یونین، امریکا اور دیگر ترقی پذیر ممالک نے 2035ء تک سالانہ بنیادوں پر موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے غریب ممالک کو 300 ارب ڈالر فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی۔ ذرائع کے مطابق اس سے قبل 250 ارب ڈالر کی تجویز کو توہین آمیز طور پر کم قرار دے کر مسترد کر دیا گیا تھا۔ دوسری طرف برازیل جو اگلے سال سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ اس کی وزیر ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی مرینا سلوا نے کہا کہ وہ 2035ء تک اس رقم کو 390 ارب ڈالر تک بڑھانے پر زور دے رہی ہیں، ہم باکو سے ہمیں درپیش چیلنج کا تدراک کیے بغیر نہیں جا سکتے، ہمیں ہدف کے حصول کے لیے 2030ء تک 300 ارب ڈالر اور 2035ء تک 390 ارب ڈالر درکار ہوں گے۔’ دریں اثناء یورپی حکومتوں نے دنیا کی دوسری بڑی معیشت چین اور تیل میں خود کفیل خلیجی ریاستوں سمیت دیگر ممالک سے تعاون کا مطالبہ کیا ہے۔