کراچی(آئی این پی )کے ای ایس سی کے سابق ایم ڈی شاہد حامد قتل کیس میں اہم گواہ تفتیشی افسر انسپکٹر سرور کمانڈو نے نائن زیرو کے سابق سیکورٹی انچارج ملزم منہاج قاضی کو شناخت کرلیا۔ کراچی سینٹرل جیل میں انسداد دہشتگردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت کے روبرو کے ای ایس سی کے سابق ایم ڈی شاہد حامد قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ مقدمہ کے اہم گواہ تفتیشی افسر سرور کمانڈو نے نائن زیرو کے سابق سیکورٹی انچارج ملزم منہاج قاضی کو اپنے بیان میں شناخت کرلیا۔ تفتیشی افسر انسپکٹر سرور کمانڈو کا بیان قلمبند کرلیا گیا۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم منہاج قاضی کو نبی بخش تھانے کی پولیس نے 2016 میں اسلحہ کے مقدمہ میں گرفتار کیا تھا۔ جیل سے ملزم منہاج قاضی کی شاہد حامد قتل کیس میں گرفتاری ڈالی گئی تھی۔ جیل میں ملزم منہاج قاضی سے تفتیش کی گئی تو اس نے اعتراف جرم کیا۔ منہاج قاضی نے اعتراف کیا کہ اس نے صولت مرزا و دیگر کے ساتھ ملکر شاہد حامد کا قتل کیا، منہاج قاضی نے اعتراف کیا کہ شاہد حامد کو ڈیفنس میں اس کے گھر کے قریب قتل کیا تھا۔ ملزم منہاج قاضی نے جائے وقوعہ کی نشاندہی بھی کرائی تھی۔
شاہد حامد قتل کیس میں اہم گواہ انسپکٹر سرور کمانڈو نے ملزم منہاج قاضی کو شناخت کرلیا
Nov 24, 2024