پی ٹی آئی کواحتجاج سے روکنا ملک کو خانہ جنگی میںدھکیلنے کے مترادف ہے:امتیاز رشید  

Nov 24, 2024

لاہور(خبرنگار) پاکستان جمہوری پارٹی کے مرکزی صدر امتیاز رشید قریشی نے لاہور ہائی کورٹ بار کے جناح لاؤنج میں اپنے رفقائے کار سید وقار حسین شاہ جنگی سیکرٹری جنرل پی ڈی پی ،محمد توقیر چوہدری ایڈووکیٹ،ڈاکٹر شاہد نصیر، چوہدری محمد افضل ایڈووکیٹ، پیرزادہ سید امجد زکی ایڈووکیٹ ، عبدالوحید قیصر ایڈووکیٹ ، شمائلہ منظور ایڈووکیٹ ، محمد اسلم گوندل ایڈووکیٹ، جنید احمد پراچہ ایڈووکیٹ محمد زکریا بٹ ، چوہدری فقیر حسین، رابعہ شہزادی ایڈووکیٹ اور ڈاکٹر علی میاں جان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملک بھر میں پی ٹی آئی کے سینکڑوں رہنماؤں اور کارکنوں کی وسیع پیمانے پر پکڑ دھکڑ اور ان پرجھوٹے مقدمات کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ آئین پاکستان وطن عزیز کی ہر سیاسی جماعت کو جلسے جلوس اور پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے۔ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف کواحتجاج سے روکنا وطن عزیز کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلنے کے مترادف ہے۔ دفعہ 144 کی بات کرنیوالے اس بات سے ناواقف ہیں کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے دفعہ 144 کو توڑا تھا اور جلوس نکالا تھا۔ پی ٹی آئی والے بھی اس ملک کے شہری ہیں۔ وہ انڈیایا برطانیہ کے شہری نہیں بلکہ اول و آخر پاکستانی ہیں۔ برسر اقتدار 2 خاندانوں نے وطن عزیز کو باپ کی جاگیر سمجھ خوب کر لوٹا ہے ان کا سخت اور کڑا احتساب وقت کی اہم ضرورت ہے۔

مزیدخبریں