مسلم لیگ ن پیپلز پارٹی میں اختلاف نہیں، طے شدہ نورا کشتی ہے:لیاقت بلوچ  

Nov 24, 2024

لاہو ر(خصوصی نامہ نگار) نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا مسلم لیگ ن پیپلز پارٹی میں اختلاف نہیں طے شدہ نورا کشتی ہے۔ پیپلز پارٹی بغیر کسی ذمہ داری کے اقتدار کو بھرپور انجوائے کر رہی ہے۔ عوام دشمن حکومتی پالیسیوں کی پی پی پی برابر کی حصہ دار ہے۔ پی ٹی آئی کا سٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا اعتراف احتجاج کو بے جان کر رہا ہے۔ حکومت پی ٹی آئی کے پرامن احتجاج کا حق تسلیم کرے۔ حکومت اور اپوزیشن سیاسی بحران کے حل کیلئے لچک پیدا کرے۔ لیاقت بلوچ نے منصورہ آڈیٹوریم میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے کہا استحصالی قوتیں انسان پر انسان کی بالادستی کیلئے آئین، قانون، عدلیہ اور تمام انسانی حقوق پامال کرتی ہیں۔ طاقت ور استحصالی عناصر سماجی اور انسانی معاشرے پر نظریاتی، اقتصادی، سماجی، تعلیمی پسماندگی، جہالت، سیاسی انتخابی استحکام مسلط کردیتی ہیں۔ آئین کی پاسداری، صاف شفاف انتخابات، فوج، سول بیوروکریسی، عدلیہ اور اسمبلیوں کیلئے آئینی حدود کو تسلیم کرنے اور عمل کرنے سے پاکستان بحرانوں سے نجات پائے گا۔ جماعت اسلامی ہر نوعیت کی استحصالی قوتوں کے مقابلہ میں اسلامی نظریاتی، قیامِ پاکستان کے مقاصد کے مطابق عوام کو منظم اور متحرک کررہی ہے۔ استحصالی قوتیں سب سے زیادہ نوجوانوں اور خواتین اور محروم طبقات کا استحصال کررہی ہیں۔ 

مزیدخبریں