لاہور(نیوز رپورٹر)پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمامیڈیا کوآرڈنیٹرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتیوں کو بہتر بنانے کیلئے 10 روزہ میڈیا ورکشاپ کا آغاز مرکزی سیکرٹریٹ میں ہو گیا ہے۔ یہ ورکشاپ زونل اور شعبہ جاتی میڈیا کوآرڈینیٹرز کیلئے منعقد کی جا رہی ہے جس کا مقصد جدید میڈیا کے تقاضوں کو سمجھنے اور اس میں مؤثر کردار ادا کرنے کیلئے تربیت فراہم کرنا ہے۔ 10 روزہ میڈیا ورکشاپ میں شرکاء کو میڈیا مینجمنٹ، تحقیق (ریسرچ)، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی حکمت عملی، مواد کی تیاری اور مصنوعی ذہانت (AI) جیسے اہم موضوعات پر تربیت دی جا رہی ہے۔ میڈیا آج کے دور میں کسی بھی تحریک کا سب سے مضبوط ہتھیار ہے، اور ہمیں اس کا مثبت استعمال سیکھنا ہوگا تاکہ ہم اپنی جماعت کے پیغام کو مؤثر طریقے سے عوام تک پہنچا سکیں۔دریں اثناء پاکستان مرکزی مسلم لیگ پنجاب کے صدر چوہدری محمد سرور نے ملک میں جاری سیاسی ابتری، انٹرنیٹ و کاروباری بندش پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا پاکستان کی سیاسی و معاشی صورتحال تباہ کن ہے اس پر مزید ایک سیاسی جماعت کے احتجاج کی وجہ سے انٹرنیٹ بندش، موٹرویز کی بندش اور کاروباری مراکز کی بندش کی وجہ سے صوبہ بھر کی عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار چوہدری سرور نے ملکی امن و امان اور بندش کی تازہ ترین صورتحال کے حوالے سے بلائے گئے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی صوبائی کابینہ کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔