شالامار ہسپتال جیسے فلاحی اداروں کو مکمل معاونت فراہم کی جائے:میاں ابوذر شاد  

Nov 24, 2024

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد نے شالامار ہسپتال کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں شرکت کے دوران حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ شالامار ہسپتال جیسے فلاحی اداروں کو مکمل معاونت فراہم کی جائے اور ان پر سرکاری فیسیں وغیرہ نافذ نہ کی جائیں۔ شالامار ہسپتال عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور ایسے ادارے کو سہولیات مہیا کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین شاہد حسین نے کی جبکہ ممتاز شخصیات سید بابر علی، ابرار اے ممتاز، محمد منیر چوہدری، الطاف ایم سلیم اور عمر سعید بھی موجود تھے۔میاں ابوذر شاد نے کہا صحت کا شعبہ پہلے ہی بے شمار چیلنجز سے دوچار ہے، ایسے میں شالامار ہسپتال پر کمرشلائزیشن فیس یا کسی قسم کے سرکاری چارجز کا نفاذ غیر مناسب ہوگا۔ اجلاس کے دوران ہسپتال کے جاری منصوبوں، کارکردگی اور مستقبل کے اہداف پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سید بابر علی نے کہا ادارہ اپنی خدمات کے ذریعے معاشرے کے کمزور طبقات کی مدد کر رہا ہے۔دیگر شرکاء نے ہسپتال کیلئے حکومتی سپورٹ کی ضرورت پر زور دیا اور مختلف تجاویز پیش کیں۔ 

مزیدخبریں