لاہور (کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے چین کی شہنگائی ٹیکنالوجی اور ذیجیانگ بیسٹ وے این ویٹیک کمپنیوں کے ماہرین اور حکام نے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں ملاقات کی جس میں صوبے میں سرمایہ کاری کے مواقع، ماحولیاتی آلودگی،گاربیج سے بجلی بنانے اور واٹر ٹریٹمنٹ کے معاملات پر بات چیت ہوئی۔ چوہدری شافع حسین نے وفد سے کہا خصوصی اقتصادی زونز میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔ یہاں سرمایہ کاری پر 10سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری کی درآمد کی سہولت موجود ہے۔ چین کا گروپ پنجاب میں ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ لگائے، ہرممکن سہولت دینگے۔ چین کی کمپنیاں ٹیوٹا کے ساتھ اشتراک بھی کرسکتی ہیں۔ٹیوٹا کے اداروں میں 91ہزار سے زائد طلبہ تربیت حاصل کر رہے ہیں ۔ چین کی کمپنیاں ٹیوٹا کے اداروں میں بچوں کو تربیت کی فراہمی میں اشتراک کا جائزہ لیں،ہم چین کی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا پنجاب حکومت سموگ کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے موثر ایکشن پلان پر عمل پیرا ہے۔چائنیز کمپنیز کے حکام کا کہنا تھا پنجاب میں انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔