5  اکتوبر احتجاج‘ جلاؤ گھیراؤ       مقدمات میں سلمان اکرم سمیت دیگر کی ضمانتوں میں توسیع

لاہور (خبر نگار) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے لاہور میں پانچ اکتوبر کے احتجاج کے دوران جلائو گھیرائو کے چار مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما و معروف قانون دان بیرسٹر سلمان اکرم راجہ اورافضال عظیم پاہٹ سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں میں سات دسمبر تک توسیع کردی۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے عبوری ضمانت پر سماعت کی۔ہفتہ کے روز سماعت پر بیرسٹر سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ پیش نہ ہوئے۔ ان کی طرف سے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست جمع کروائی گئی جس میں بتایا گیا کہ سلمان اکرم راجہ کی طبیعت ناساز اور امن و امان کی صورتحال میں تمام راستے بھی بند ہیں، اس لیے عدالت حاضر نہیں ہو سکتے، استدعا ہے کہ ایک روز حاضری معافی کی درخواست منظور کی جائے، عدالت نے حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی جبکہ دیگر ملزموں نے عدالت کے روبرو پیش ہو کر اپنی حاضری لگائی، عدالت نے تمام ملزموں کی عبوری ضمانتوں میں سات دسمبر تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تمام ملزموں کو پیش ہونے کی ہدایت اور پولیس تفتیشی افسران سے رپورٹ طلب کر لی۔ بیرسٹر سلمان اکرم راجہ سمیت دیگر کے خلاف تھانہ لاری اڈا، اسلام پورہ، مستی گیٹ اور شفیق آباد پولیس نے مقدمات درج کر رکھے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن