لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے جادو ٹونے سے پاک سعودیہ تعلقات میں دراڑ نہیں ڈالی جا سکتی، توہم پرستی نے سیاسی بصیرت ہی چھین لی۔ ایک سپورٹس مین اس قدر بیوی کے ہپناٹزم کا شکار ہو سکتا ہے اندازہ نہیں تھا۔ یہ بات انہوں نے مرکزی دفتر راوی روڈ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پروفیسر ساجد میر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کا نہ ٹوٹنے والا عوامی رشتہ ہے۔ بشریٰ بی بی نے اپنے بیان سے پاکستان اور سعودی عرب کے سفارتی تعلقات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔ جس کا اظہار تحریک انصاف کی قیادت مسلسل کر رہی ہے۔ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات اب بھی مضبوط ہیں۔