اسلام آباد(نمائندہ خصوصی))مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چوھدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد کو آئے روز نو گو ایریا بنانا اب مزید برداشت نہیں کر سکتے ۔روز روز کے احتجاجوں اور دھرنوں نے کاروبار زندگی مفلوج کر دیا گیا ہے دھرنا روکنے کے نام پر تعلیمی ادارے ،دفاتر ،کاروبار بند کرنا کسی صورت قبول نہیں ۔شہر اسلام آباد کے تاجروں کے اربوں روپے کے نقصانات کا ذمہ دار کون ہوگا اور اس کا ازالہ کون کرے گا؟گزشتہ روز جاری بیان کے مطابق محمد کاشف چوہدری نے کہا کہ آئے روز دنیا کے خوبصورت ترین شہر اسلام آباد کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا جاتا ہے اور یہاں بسنے والوں اور کاروبار کرنے والوں کو مکمل مفلوج کرکے ان کی زندگیاں عذاب بنا دی جاتی ہیں اور پولیس اور انتظامیہ جب احتجاج کرنے والوں کو روکنے میں ناکام ہوتے ہیں تو آنسو گیس کی شیلنگ کرتے ہیں جس سے احتجاج والے کم متاثر ہوتے ہیں جبکہ احتجاج سے ملحقہ گھروں میں محصور بچوں ،عورتوں بزرگوں اور جوانوں کو ان انسو گیس سے زیادہ متاثر ہونا پڑتا ہے جبکہ سڑکوں کی بندش سے مریضوں کا ھسپتال پہنچنا ،شادیاں اور تقریبات تک منسوخ ہوجاتی ہیں ،مسافر خوار ،بیرون ملک جانے کیلئے ائرپورٹ پہنچنا ناممکن بنانا آئین اور بنیادی انسانی حقوق کے خلاف ہے ۔