کراچی(آئی این پی ) بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز میں نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) اور این آر ٹی سی کے تعاون سے ملک میں تیار کیا جانے والا جدید بائیو میٹرک ہارڈویئر متعارف کرادیا گیا۔ نادرا ٹیکنالوجیز کی جانب سے بین الاقوامی دفاعی نمائش میں مندوبین کو اپنا تیارکردہ سیلف سروس ڈیسک اور بائیو میٹرک ہارڈویئر سسٹم متعارف کرایا گیا، نادرا کا مکمل سسٹم ایک باکس میں فراہم کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے مینیجر بزنس ڈیولپمنٹ ایم جنید نے بتایا کہ یہ سسٹم پہلے ہم بین الاقوامی وینڈرز سے حاصل کرتے تھے لیکن اب یہ خود تیار کرلیا ہے، اس کے بعد اب سیلف انرولمنٹ ڈیسک نادرا سینٹرز اور مقررہ عوامی مقامات میں نصب کیے جائیں گے جہاں پہلے سے رجسٹرڈ لوگ اپنا ڈیٹا، تجدید، بچوں کا اندراج اور دیگر سہولتیں حاصل کرسکیں گے، اس کے ذریعے پرنٹ، فنگر پرنٹ، آئی اسکیننگ اور دستخط کرنے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔اس کے علاوہ فورسز، بینکوں، ٹیلی کام سروسز کے لیے بھی بائیو میٹرک اور تصدیق کے لیے چھوٹی ٹیبلٹس کے ذریعے نادرا سہولتوں کی بھی نمائش کی گئی۔