اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ہر شہری کو ملک میں آزادانہ نقل و حرکت کا حق حاصل ہے۔ سڑکوں اور راستوں کا بند کرنا مسئلہ کا حل نہیں۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے راستوں کی بندش پر جاری اعلامیے میں کہا کہ ہر شہری کو ملک میں آزادانہ نقل و حرکت کا حق حاصل ہے۔ اعلامیے کے مطابق وفاقی دارالحکومت‘ بڑی شاہراہوں اور موٹر ویز کو بند کر دیا گیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت کنٹینرز کی دیواروں سے گھیر لیا گیا ہے۔ فوری طور پر تمام راستوں کو کھولا اور ناکہ بندی ختم کی جائے‘ سڑکوں اور راستوں کا بند کرنا مسئلہ کا حل نہیں۔ سیاسی جماعت کی طرف سے دھرنوں اور احتجاج کی مذمت کرتے ہیں۔ نام نہاد سیاسی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے وفاقی دارالحکموت پر قبضہ خدمت نہیں۔ آرٹیکل 16 احتجاج کی اجازت دیتا ہے لیکن یہ سیاسی خواہش کے لئے استعمال نہیں ہو سکتا۔ خیبر پختونخوا حکومت دھرنے ریلیوں کی حمایت کر رہی ہے۔ خیبر پی کے کو دہشت گردوں نے نشانہ بنایا‘ سیاسی جماعت امن و عامہ کی صورتحال کے تناظر میں احتجاج کی کال پر نظرثانی کرے۔
سیاسی جماعت کے احتجاج کی مذمت‘ راستے بند کرنا حل نہیں: سپریم کورٹ بار
Nov 24, 2024