اسلام آباد+راولپنڈی (نمائندہ خصوصی +اپنے سٹاف رپورٹر سے ) آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 21 اور 22 نومبر کو خیبر پی کے میں دو کارروائیوں میں تین خوارج کو ہلاک کر دیا۔ سکیورٹی فورسز نے خیبر کے علاقے باڑہ میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو خوارج حق یار آفریدی عرف خیرے اور گل جان کو ہلاک کر دیا۔ جنوبی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر خوارج کے گروہ کی نقل و حرکت دیکھی گئی۔ خوارج کا گروہ پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش کر رہا تھا۔ سکیوری فورس نے مؤثر طریقے سے دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا۔ سکیورٹی فورسز کی کارروائی میںایک خوارجی ہلاک اور تین زخمی ہوئے۔ پاکستان نے افغان عبوری حکومت سے اپنی سرزمین کا دہشت گردی کیلئے استعمال روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ سکیورٹی فورسز اپنی سرحد محفوظ بنانے اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے باڑا اور جنوبی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے۔ دہشتگردی کی جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے نڈر نوجوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ملک سے خوارج اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت متحرک ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان‘ ضلع خیبر اور جنوبی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر خوارج ، دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو صوبے کا امن و امان خراب کرنے اور ترقی کا سفر متاثر کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
افغانستان سے دراندازی ناکام: خیبر پی کے میں 3 خوارج ہلاک، 3 زخمی
Nov 24, 2024