شرپسندوں کی سرکوبی، عوام کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں: مریم نواز

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) ڈائیلسز کے دوران ایڈز پھیلنے کے مجرمانہ غفلت پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سخت ایکشن لیتے ہوئے نشتر ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد کاظم سمیت6 ڈاکٹر وں اور ہیڈ نرس کو معطل کر دیا اور سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کو رپورٹ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔ نشتر میڈیکل یونیورسٹی نیفرالوجی کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر غلام عباس، پروفیسر ڈاکٹر پونم خالد، سینئر رجسٹرار ڈاکٹر محمد قدیر، ڈاکٹر ملیحہ جوہر، میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد عالمگیر اور ہیڈ نرس ناہید پروین کو معطل کر دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے نشتر ہسپتال جاکر ڈائیلسز مریضوں میں ایڈز پھیلنے کے واقعہ کی خود جانچ پڑتال کی۔ وائس چانسلر، پرنسپل، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ، اسسٹنٹ پروفیسر، ہیڈ ایڈز کنٹرول پروگرام اور دیگر سے ان کا موقف سنا۔ انکوائری رپورٹ کے مطابق ایڈز، ہیپاٹائٹس کے ہر تین ماہ بعد لازمی ٹیسٹ کے ایس او پیز کی خلاف ورزی کی گئی۔ پروٹوکول کے برعکس پرائیویٹ لیبارٹریز سے ایڈز ٹیسٹ کرائے گئے۔ ایڈز ثابت ہونے کے باوجود وارڈ کے ڈاکٹر اور سٹاف نے واقعہ چھپانے کی کوشش کی۔ ڈسپوزیبل ڈائیلسز کٹ، ڈائی لائیزر کو مختلف مریضوں کے لئے بار بار استعمال کرنا، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ اور سینئر ڈاکٹر کا کئی کئی ہفتے وارڈ کا وزٹ نہ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ مریم نواز نے سیکرٹری صحت کو پیڈا ایکٹ کے تحت ڈاکٹرز اور دیگر عملے کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی اور ڈاکٹروں کو غفلت ثابت ہونے پرایڈز سے متاثرہ مریضوں کو ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔ مریم نواز نے کہا کہ ایڈز پھیلنے کے واقعہ میں مجرمانہ غفلت برتی گئی۔ سارے وسائل ہیلتھ کے لئے وقف کر دئیے لیکن رزلٹ مثبت نہیں آ رہے۔ علاج کے لئے آنے والے لوگ سرکاری ہسپتال سے ایڈز لیکر جائیں یہ قطعاً برداشت نہیں۔ استعمال شدہ سرنجیں ایڈز پھیلنے کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے ملتان میں پیٹ سکین فوری طور پر فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ امراض دل اور دیگر وارڈ کا معائنہ کیا اور مریض کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر آئی سی یو منتقل کرنے کی ہدایت کی۔ وارڈز میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے اور سینٹری ورکر کی شکایت پر تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانے کا حکم دیا۔ علاوہ ازیں مریم نواز نے بچوں کو کتے کے کاٹنے سے بچاؤ کے لئے اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ  کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ملتان ڈویژن میں امن امان، عوامی اور انتظامی امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ کو ملتان ڈویژن میں ستھرا پنجاب کیمپین پر پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ 14 تحصیلوں میں صفائی کے انتظامات کی آئوٹ سورسنگ مکمل کر لی گئی اور 6 تحصیلوں میں پراسیس جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ستھرا پنجاب کے لئے بہتر کارکردگی پر کمشنر اور ڈپٹی کمشنر ملتان کو سراہا۔ ڈپٹی کمشنرز اور دیگر حکام کو دیہات میں جا کر صفائی کے انتظامات چیک کرنے اور کتے کے کاٹنے کے واقعات پر مکمل قابو پانے کی ہدایت کی۔ آر پی او نے وزیراعلیٰ ملتان ڈویژن میں امن امان کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔ مریم نواز شریف نے شر پسند عناصر کی سرکوبی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات کا حکم دیا۔

ای پیپر دی نیشن