اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے )مسلم لیگ )ن (کے سینئر رہنما سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے عہدوں کا غلط اور ناجائز استعمال کیا، بشریٰ بی بی کا ماضی سب کے سامنے ہے، وہ سیاست اور پی ٹی آئی پر قبضہ چاہتی ہیں، پی ٹی آئی کی سیاست چند گھریلو خواتین کے ہاتھ میں ہے، پی ٹی آئی دوست ممالک کے خلاف بیان بازی کے ذریعے ملک کو مشکلات میں ڈالنا چاہتی ہے،قانون کے دائرے میں احتجاج ہر کسی کا حق ہے، ملکی معیشت میں رخنہ ڈالنے ، ملک کا امن وامان خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، پی ٹی آئی نے مسجد نبوی کا تقدس پامال کیا، پنگی گوگی نے عہدوں کی بندر بانٹ کی، عہدوں کا غلط اور ناجائز استعمال کیا ، اپنے مفاد کی خاطر ملک کی سلامتی کو دائو پر لگایا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بڑی دیر سے ملک کا تماشا بنا رہے ہیں، جب سے یہ جوڑی بنی ہے پاکستان کی سیاست اور گورننس کو اپنے مفاد کیلئے تہہ بالا کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کے حوالے سے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے دوران پنجاب میں پنکی گوگی کا راج تھا، ہر چیز کی سودے بازی تھی، پوسٹنگ ، ٹرانسفر کے ریٹس مقرر تھے،ایک منڈی لگائی جاتی تھی جس کو پنکی اورگوگی چلاتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف پنجاب بلکہ وفاق میں بھی شوہر کے وزیراعظم ہوتے ہوئے عہدے کاناجائز استعمال کیا جاتا رہا، کبھی ہیرے کی انگوٹھیاں، پلاٹ اور زمینوں کے سودوں سمیت 190 ملین پائونڈ کھانے کیلئے یونیورسٹی کا جھانسا دیا گیا۔