ملک کو احتجاج اور دھرنوں کی نہیں، ترقی وخوشحالی کی ضرورت ، بیرسٹر دانیال چوہدری 

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے )پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ونشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کو احتجاج اور دھرنوں کی نہیں بلکہ ترقی وخوشحالی کی ضرورت ہے،اسلام آباد پر چڑھائی کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی،نفرت اور آگ لگانے والی سیاست کا سختی سے جواب دیاجائے گا، سازشی عناصر کے شناختی کارڈ،پاسپورٹ بلاک کرنے سمیت سخت ایکشن لیا جائے گا،پاکستان کی ترقی کو ڈی ریل کرنے کی سازش ہورہی ہے،9 مئی کے کیسز کا حساب ہونے تک سازشیں بند نہیں ہوں گی۔  ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دانیال چوہدری نے کہا کہ بشریٰ بی بی کا سعودی عرب کے حوالے سے بیان کا مقصد سعودی عرب کے ساتھ تعلقات خراب کرنا ہے۔اس سے پہلے امریکہ سے تعلقات خراب کرنے کی کوشش کی گئی۔ سعودی عرب کے خلاف ان کا بیان قابل مذمت ہے۔پہلے امریکہ کے بارے میں بتایاگیا کہ اس نے ہماری حکومت ہٹائی اب سعودی عرب کا نام لیاگیا ہے۔وہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات خراب کرنا چاہتی ہیں،جس نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ سعودی عرب سے 27 مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔5 ارب 40 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے معاہدے ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ان کا ایجنڈا گھر کی لڑائی کو باہر لانا ہے۔بنیادی طور پر یہ ان کے گھر کی تین خواتین کی لڑائی ہے کہ پارٹی کی قیادت کون سنبھالے گا۔

ای پیپر دی نیشن