کلر سیداں(نامہ نگار)رشتے کے تنازعہ میں گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہونے والی25سالہ مطلقہ سمیرا بی بی تین ایام تک موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد چل بسی جس کا ہفتے کے روز ٹی ایچ کیو ہسپتال کلر سیداں میں پوسٹمارٹم کروانے کے بعد آبائی قبرستان پنڈورہ ہر دو میں سپرد خاک کر دیا گیا۔مقتولہ نے مضروبی حالت میں کلر سیداں پولیس کو بیان دیا تھا کہ اس کی شادی تقریبا دو برس قبل مسمی آفتاب سکنہ ڈھوک الف کیساتھ ہوئی تھی،ہمارا قریبی رشتہ دار عدیل ولد شمریز خان جس کی ہمشیرہ آفتاب کی بھابھی ہے،عدیل اس شادی سے ناخوش تھا اور اس کی مرضی تھی کہ ہماری ہمشیرہ کی شادی آفتاب سے ہوجس کی وجہ سے وہ آفتاب کو ہر وقت ورغلاتا جس پر میرے خاوند نے 6/7ماہ قبل مجھے طلاق دے کر گھر سے نکال دیاتھا۔گزشتہ روز میں اپنے گھر میں موجود تھی کہ اسی دوران عدیل مسلح پسٹل گھر میں داخل ہوگیا اور آتے ہی مجھ پر فائرنگ شروع کر دی جس پر مجھے دو فائر دائیں جانب چھاتی پر لگے اور میں زخمی ہو گئی۔