پاک فوج قومی سلامتی کی ضامن ہے: عزیز اعوان

 راولپنڈی( خصوصی رپو رٹ ) پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی نے سعودی عرب سے متعلق بشری بی بی کے بیان کو سانحہ 9 مئی کے ملزمان سے حکومتی نرمی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے عدلیہ فوج اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ 9 مئی کے ذمہ داروں کو نشان عبرت بنا کر ملک دشمنوں کے حوصلے پست کئے جائیں بار بار کے رویوں سے ثابت ہو گیا ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت جیل سے نکلنے اور اقتدار حاصل کرنے کے لئے کسی بھی حد تک جاسکتی ہے ۔پاک فوج ملکی سلامتی کی ضامن ہے اس کے موجودہ سپہ سالار ہوں یا سابقہ انہوں نے ہمیشہ صرف پاکستان کی جنگ لڑی ہے پاکستان میں امن کے قیام اور ملک دشمن قوتوں سے ہمیشہ جنگ کی ہے ملک کی ایک سیاسی پارٹی ملک میں انتشار پھیلانے کیلئے اور لوگوں کو پاک فوج سے بدظن کرنے کیلئے ہمیشہ پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈا کیا جنرل باجوہ کے خلاف بشری بی بی کی ہرزہ سرائی بھی اسی کا ایک حصہ ہے جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں ان خیالات کا اظہار ایکس سروس مین سوسائٹی کے چیف کوآرڈینیٹر عزیز احمد اعوان نے بشری بی بی کے بیان پر ردعمل میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایکس سروس مین سوسائٹی افواج پاکستان اور اپنے سپہ سالار کے پیچھے کھڑی ہے ملک اس وقت مشکل حالات سے گزر رہا ہے اور ہمارے جوان اپنے ملک میں دہشت گردوں کے خلاف مسلسل برسر پیکار ہیں اور جام شہادت نوش کر رہے ہیں ہم ان شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور پاک فوج کی قربانیوں کو سیلوٹ کرتے ہیں ۔

ای پیپر دی نیشن