راولپنڈی(جنرل رپورٹر)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے سربراہ علامہ آغاسیدحسین مقدسی نے حکومت کو عزاداری کے خلاف ناروا ایس او پیز کے خاتمے اور شیعہ حقوق کیلئے دن کا الٹی میٹم دے دیا،اگر جائز آئینی مطالبات پورے نہ کئے گئے تو پاکستان کی ہر شاہراہ اور چوک پر احتجاج کریں گے،اپنا عقیدہ کسی پر مسلط نہیں کرنا چاہتے کوئی دوسرا پانے اوپر مسلط نہیں ہو نے دیں گے، ذکر حسین کو دبا کر آئینی حقو ق کو پامال کیا جارہا ہے، پاراچنار میں شیعہ سنی مسئلہ نہیں، دہشت گردی اور امن کی لڑائی ہے، کالعدم تنظیموں سے بھرے متحدہ علما بورڈ کو اپنے عقائد کا فیصلہ نہیں کرنے دیں گے، جن جماعتوں کو کالعدم قرار دیا گیا انہیں محترم بنانا ہی دہشت گردی کی جڑ ہے، شیعہ سنی یکجہتی اور تحفظ عزا کے خط موسوی پر کاربند رہیں گے، راولپنڈی کے تمام داخلی راستے بند ہیں اس کے باوجود ہزاروں عزاداروں کا اجتما ع ثابت کررہا ہے کہ کوئی طاقت حسینیت کا راستہ نہیں روک سکتی، عزاداروں پر قائم غیر قانونی ایف آئی آرز کا خاتمہ کیا جائے، سابقہ حکومت میں نافذکئے گئے فرقہ وارانہ نصاب کو واپس لیا جائے،ان خیالات کااظہارانہوں نے ٹی این ایف جے راولپنڈی ریجن کے زیراہتمام دربارعالیہ سخی شاہ پیاراکاظمی المشہدی چوہڑہرپال میں تحفظِ عزاداری احتجاجی کنونشن کی پہلی نشست سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ مقدسی نے واضح کیاکہ پاراچنار میں بے گناہوں کا قتل عام حکومت کی ناکامی ہے، پاک فوج پارا چنار میں فوری آپریشن کرے، خیبر پختونخواہ کے وزیر اعلی ریلیاں نکالنے کے بجائے صوبے کے امن پر توجہ دیں، غزہ کو کھنڈر بنادیا گیا مسلم حکمران بیانات دیتے رہ گئے، اسرائیل لبنان کی خود مختاری کو ہر روز نشانہ بناکر اقوام متحدہ ہی نہیں مسلمانوں کی غیرت پر طمانچہ رسید کررہا ہے، کشمیر کو کبھی عالم اسلام نے اپنا مسئلہ نہیں سمجھا ہر مسلم ملک کے بھارت کے ساتھ یارانے ہیں،بھارت سے دوستی لاکھوں کشمیری شہدا کے زخموں پر نمک چھڑکنا ہے، عالم اسلام کے تمام مسائل کا حل صرف اتحاد ہے ورنہ ایک ایک کرکے عبرت بنتے رہیں گے۔