لاہور ( سپورٹس رپورٹر) آئی سی سی کا پاکستان کرکٹ بورڈ کو دی جانے والی سفارشات پر بہتر طریقہ سے عمل ہونے کو خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان طرف سے حوصلہ افزا اقدامات کئے گئے ہیں۔ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کیلئے بنائی جانے والی ٹاسک فورس اور چیئرمین پی سی بی کے درمیان گزشتہ روز ایک ٹیلی کانفرنس ہوئی جس میں پی سی بی کی طرف سے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا گیا ہے۔ حال میں دبئی میں ہونے والے آئی سی سی کے اجلاس کے بعد یہ پہلی ٹیلی کانفرنس ہے جس میں فورس کے چیئرمین جائلز کلارک اور دیگر اراکین کے علاوہ پی سی بی کے چیئرمین اعجاز بٹ اور جنرل مینجر انٹرنیشنل کرکٹ آپریشن پی سی بی سبحان احمد نے بھی حصہ لیا۔ پی سی بی چیئرمین نے ٹاسک فورس پر واضح کیا ہے کہ کرکٹ میں کرپشن کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسا کرنے والوں کیخلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ ٹاسک فورس نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اینٹی کرپشن کے مسائل کی بیداری کیلئے کو اقدامات اٹھائے ہیں وہ بہتر ہیں اور اس سے پاکستان کی کرکٹ پر مستقبل میں اچھے اثرات مرتب ہونگے۔ ٹاسک فورس کے چیئرمین جائلز کلارک نے مزید کہا ہے کہ تمام کرکٹ کھیلنے والے ممالک سے کہا ہے کہ وہ پاکستان کی مدد کریں تاکہ وہ اس مشکل سے نکل سکے اور پی سی بی چیئرمین نے اس سلسلہ میں جو اقدامات کئے ہیں وہ قابل ستائش ہیں۔ جبکہ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو لوگارٹ نے بھی پی سی بی کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کی حوصلہ افزائی کی ہے اور کہا ہے کہ مشکل وقت میں پاکستان کرکٹ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ہمیں یقین ہے کہ پی سی بی کرپشن کے معاملہ میں کوئی لچک نہیں دکھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کے ہر رکن سے کرپشن کو جڑ سے اکھاڑنے بارے وسیع تر مشاورت جاری ہے۔ پی سی بی کے چیئرمین نے کہا ہے کہ آئی سی سی نے جو بھی مشورہ دیئے ہیں ان پر عمل کیا جارہا ہے اور کسی بھی کرپٹ کھلاڑی یا بورڈ اہلکار کو معاف نہیں کیا جائے گا۔