اسلام آباد (آئی این پی) ڈپٹی کمشنر کی طرف سے ایف بی آئی کے ایجنٹ سمیت 16 امریکیوں کو اسلحہ لائسنس جاری کرنے کا انکشاف ہوا‘ غیر ممنوعہ بور اسلحہ کے لائسنس چیف کمشنر اسلام آباد کی ہدایت پر جاری کئے گئے۔ ذرائع کے مطابق جن 16 اہلکاروں کو اسلحہ لائسنس جاری کئے ان میں جیفری (سپیشل ایجنٹ ڈپلومیٹ)‘ ہیتھ (اتاشی)‘ ڈیوڈ (ڈپلومیٹک سکیورٹی ایجنٹ)‘ بروس 2 (یو ایس لاءانفورسمنٹ)‘ کیپٹن (ر) بابر برنارڈ (سکیورٹی انوسٹی گیٹر)‘ کرنل (ر) طارق (سکیورٹی انوسٹی گیٹر)‘ کرسٹوفر (یو ایس لاءانفورسمنٹ)‘ پاﺅل (یو ایس لاءانفورسمنٹ)‘ نیل (یو ایس لاءانفورسمنٹ) اور اینڈریو (سپیشل ایجنٹ ڈپلومیٹ) شامل ہیں۔ لائسنس فروری 2008ءمیں عارضی طور پر جاری کئے گئے تھے تاہم ابھی تک یہ لائسنس کینسل نہیں کئے گئے۔ چیف کمشنر آفس کے ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد لائسنس جاری کئے گئے۔ واضح رہے کہ امریکیوں کو سکیورٹی فراہم کرنے والی نجی سکیورٹی کمپنی انٹر رسک کو جاری کئے جانے والے 138 ممنوعہ بور ہتھیاروں کے لائسنس منسوخ کئے جا چکے ہیں اور یہ لائسنس امریکی سفارتخانے کی سفارش پر انٹر رسک کے نام پر جاری ہوئے تھے تاہم جب سکیورٹی اداروں نے مذکورہ کمپنی سے وہ ہتھیار پیش کرنے کا کہا جن کے لئے لائسنس حاصل کئے گئے تو کمپنی کی انتظامیہ اسلحہ نہ دکھا سکی۔