اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ذرائع کے مطابق 15روز گزرنے کے باوجود وزیراعظم، چیئرمین سینٹ، ڈپٹی چیئرمین سینٹ، سپیکر قومی اسمبلی، ڈپٹی سپیکر، رحمن ملک، حنا ربانی کھر، اہم سیاسی رہنماﺅں، وزراءسمیت 442 منتخب ارکان نے دوہری شہریت سے متعلق حلف نامے جمع نہیں کرائے ہیں۔ الیکشن کمشن کو دوہری شہریت سے متعلق حلف ناموں کا انتظار ہے۔ پنجاب، خیبر پی کے، بلوچستان کے وزراءاعلیٰ نے دوہری شہریت نہ ہونے کا حلف دیدیا۔ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے ابھی تک حلف نامہ جمع نہیں کرایا۔ وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم، اوورسیز پاکستانیز کے وزیر فاروق ستار، وزیر مذہبی امور خورشید شاہ، وزیردفاع نوید قمر، وزیر اطلاعات قمرالزمان کائرہ، وزیر پانی و بجلی احمد مختار، نائب وزیر اعظم پرویز الٰہی، منظور وٹو، اے این پی کے صدر اسفند یار ولی، صدر ق لیگ چودھری شجاعت اور سربراہ جے یو آئی فضل الرحمن نے بھی حلف نامے جمع نہیں کرائے۔ الیکشن کمشن نے حلف نامے جمع کرانے کی تاریخ 9 نومبر مقرر کر رکھی ہے ذرائع کے مطابق 9 نومبر تک حلف نامے جمع نہ کرانے والے کو دوہری شہریت کا حامل سمجھا جائے گا۔ نجی ٹی وی کے مطابق 82 ارکان کے حلف نامے غیر تصدیق شدہ ہیں، 140 ارکان قومی اسمبلی اور 66 سینیٹرز کے حلف نامے موصول نہیں ہوئے۔