اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) عدالت عظمیٰ میمو گیٹ سکینڈل کی سماعت 12 نومبر کو کرے گی اس حوالے سے تمام فریقین کو نوٹسز جاری کر دئیے گئے ہیں سماعت کے لئے 9 رکنی لارجر بنچ تشکیل دیا جائے گا۔ مقدمہ کی سماعت 22 اکتوبر کو ہونا تھی تاہم لارجر بنچ کی عدم دستیابی کی وجہ سے سماعت ملتوی کی گئی، ایبٹ آباد آپریشن کے بعد امریکی شہری منصور اعجاز نے اس وقت امریکہ میں پاکستان کے سفیر حسین حقانی پر الزام لگایا تھا کہ اس نے امریکی جنرل جیمز جونز کو پاکستانی فوج پر دباﺅ ڈالنے کے لئے ایک میمورنڈم لکھا۔ سپریم کورٹ میں مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف اور دیگر نے بھی درخواستیں دائر کی تھیں میمو کیس کی سماعت چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں نو رکنی لارجر بنچ کرتا رہا ہے۔ اب نو رکنی بنچ اس کیس اور حسین حقانی کی درخواست کی سماعت کرے گا۔