اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ تاریخ نے آخرکار سچ اگل دیا، جمہوریت مخالف قوتوں نے بینظیر بھٹو اور عوام کیساتھ زیادتی کی تھی۔ مادر جمہوریت کی محنت رائیگاں نہیں گئی۔ نصرت بھٹو کی پہلی برسی کے موقع پر پیغام میں صدر زرداری نے کہا کہ نصرت بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ پارلیمنٹ اور جمہوریت کو نئی طرز کے حملوں سے محفوظ بنانا ہے۔ نصرت بھٹو کی محنت جمہوریت کی بحالی اور آئین و قانون کی حکمرانی سے پھل پا چکی ہے۔ نصرت بھٹو نے جمہوریت کے لئے قربانیاں دیں اور سختیاں جھیلیں۔دریں اثناءاین این آئی کے مطابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ سابق خاتون اول نصرت بھٹو آمرانہ قوتوں کیخلاف مزاحمت کی علامت تھیں۔ محترمہ بیگم نصرت بھٹو کی برسی کے موقع پراپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ اس دن ہمیں ملک میں جمہوریت کیلئے ان کے تصورات کو عملی جامہ پہنانے اور مضبوط بنانے کیلئے خود کو ازسرنو وقف کر دینے کا عہد کرنا چاہئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے کارکن، جمہوری قوتیں اور پوری قوم جمہوریت کے نصب العین اور انسانی حقوق کیلئے بیگم نصرت بھٹو کی ان تھک جدوجہد پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق خاتون اول آمرانہ قوتوں کیخلاف مزاحمت کی علامت تھیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اپنے شوہر اور پہلے منتخب وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت کے بعد مادر جمہوریت نے ایک جانب آمرانہ دور کی صعوبتوں اور سختیوں کا جرات سے سامنا کیا اور دوسری جانب پارٹی کارکنوں کیلئے حوصلے کا باعث رہیں۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ جمہوریت کیلئے بیگم نصرت بھٹو کی خدمات اور قربانیوں کو دیکھا جائے تو ان کے پائے کی خاتون ملنا مشکل ہے جنہوں نے اتنی مشکلات اٹھائیں لیکن عوام کو بااختیار بنانے، قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کی جدوجہد میں ثابت قدم رہیں۔