لاہور(خبرنگار) پیپلزپارٹی کے رہنماﺅں نے کہا ہے کہ الیکشن کمشن کو سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کرنا چاہئے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنا توہین عدالت ہے اگر سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہوا تو فیصلے پر عملدرآمد کیلئے سپریم کورٹ سے رابطہ کریں گے۔ مشیر اسلم گل، چودھری غلام عباس، دیوان غلام محی الدین نے نوائے وقت سے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) فخرالدین جی ابراہیم کے بیان ”سپریم کورٹ کے فیصلے سے سیاسی انتشار بڑھے گا، ملک کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا، الیکشن کمشن کی ایسے سیاستدان کے خلاف کارروائی نہیں کرے گا جس پر رقم لینے کا الزام ہے“ پر تبصرہ کر رہے تھے۔ چودھری غلام عباس نے کہا کہ الیکشن کمشنر کو تفصیلی فیصلے کا انتظار کرنا چاہئے جس کے خلاف سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔عدالت عظمیٰ کے فیصلے سے مقدس چہرے بے نقاب ہوئے ہیں۔ دیوان غلام محی الدین نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کا یہ کہنا کہ ماضی کو بھلا کر آگے بڑھنا چاہئے اچھی بات ہے۔ ہمیں آج ماضی کو بھلا کر مستقبل میں آئین قانون کے مطابق چلنے کا عہد کرنا ہوگا۔