آج اقوام متحدہ کا دن منایا جائیگا، پاکستان ادارے کو انتہائی اہمیت دیتا ہے: صدر زرداری، گستاخانہ فلم نے مقاصد کو مجروح کیا: وزیراعظم کا پیغام

اسلام آباد (اے پی پی) اقوام متحدہ کا دن آج دنیابھر میں منایا جا رہا ہے اس حوالے سے اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور 30 ستمبر 1947ءسے عالمی ادارے کا سرگرم رکن ہے۔ ہم نے اقوام متحدہ کی تمام سرگرمیوں میں تعمیری حصہ لیا ہے، پاکستان کی کاوشیں اور کردار کثیر نظام پر اسکے ابدی یقین سے ظاہر ہوتا ہے، جس پر اقوام متحدہ قائم ہے۔ اس 67ویں یوم تاسیس پر دنیا بھر کے عوام یو این چارٹر کے اصولوں کے ساتھ اپنی وابستگی کا اعادہ کرتے ہیں۔ صدر نے کہا کہ اقوام متحدہ مساوی خودمختاری اور بین الاقوامی تنازعات کے پرامن حل کے اصولوں پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اقوام متحدہ سلامتی، ترقی اور انصاف کے شعبوں میں کثیر ملکی تعاون کی علامت ہے۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے اقوام متحدہ کے منشور کیلئے اپنی کمٹمنٹ کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں عالمی ادارہ کے چارٹر کے مقاصد کے حصول اور دنیا میں پائیدار امن کے قیام کیلئے اپنی کوششیں تیز کرنے کا عزم کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام مخالف فلم کے حالیہ واقعہ نے اقوام متحدہ کے مقاصد کو مجروح کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور پوری مہذب دنیا مٹھی بھر عناصر کو بین المذاہب ہم آہنگی اور پرامن بقالے باہمی کے جذبہ کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہ دے، آزادی اظہار رائے کے حق کو دنیا کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...