اسلام آباد (خبرنگار خصوصی + نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر رحمن ملک نے کہا ہے کہ اصغر خان کیس پر چودھری نثار سے مناظرے کیلئے چکری جانے کو بھی تیار ہوں۔ ملالہ یوسف زئی پر حملے کے مرکزی ملزمان کی گرفتاریاں جلد متوقع ہیں۔ عید کے موقع پر دہشت گردی کا خطرہ ہے کالعدم تنظیموں کو نام بدل کر کھالیں اکٹھی نہیں کرنے دیں گے۔ وہ وزارت داخلہ میں منعقدہ اعلی سطح کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران کے خلاف چھوٹا سا عدالتی فیصلہ آیا تو وہ گھبرا گئے۔ اگر ان کو ایف آئی اے پر اعتماد نہیں تو رائیونڈ محل کے چیف سکیورٹی افسر سے رقوم لینے کی تحقیقات کرا لیں شہباز شریف علی بابا چالیس چور کے نعرے میں علی کی جگہ اپنا نام شامل کر لیں تو بہتر ہو گا۔ دھاندلی کے ذریعے نواز شریف کی وزارت عظمیٰ کے نوٹیفکیشن کی منسوخی اور ان کے دور حکومت کے تمام فیصلوں اور اقدامات کو کالعدم قرار دینے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کروں گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ قربانی کی کھالیں جمع کرانے کیلئے ڈی سی او اور ڈی پی او سے اجازت لینا ضروری ہے۔ کالعدم تنظیمیں اگر نام بدل کر کھالیں اکٹھی کریں گی تو پولیس اور انٹیلی جنس ادارے ان کے خلاف کارروائی کریں گے۔ عید کے موقع پر ممکنہ دہشت گردی سے بچنے کیلئے موبائل فون سروس کی بندش کا فیصلہ صوبائی حکومتیں کریں گی۔ شریف برادران گھبراہٹ کا شکار نہ ہوں اور نہ ہی چودھری نثار عدالتی فیصلے کو زیادتی قرار دیں۔ اصغر خان کیس میں فریق بننے کیلئے عدالت میں پٹیشن دائر کروں گا اور سپریم کورٹ کو رقوم کی تقسیم کے حوالے سے شواہد فراہم کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر کے دور میں رقوم کی تقسیم کی انکوائری کیلئے جو کمشن بنایا گیا تھا نواز شریف نے اقتدار سنبھالتے ہی اس کمشن کو کام سے روک دیا اگر یہ کمشن اپنا کام کرتا تو آج شریف برادران کو یہ دن نہ دیکھنے پڑتے۔ ہمیں این آر او کا طعنہ دینے والے مشرف سے معاہدے کرکے بیرون ملک چلے گئے۔ شہباز شریف آج کل اکیلے نہ جانے کے حوالے سے جو گانا گا رہے ہیں اس سے لگ رہا ہے کہ ایک بار پھر انہوں نے ملک سے باہر بھاگنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس بیورو سے 50 کروڑ روپے نکلوانے کا جو الزام لگایا جا رہا ہے ہم اس کی انکوائری کرانے کو بھی تیار ہیں۔ ایک سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ سوات کی رہائشی حنا خان کو اسلام آباد میں سکیورٹی فراہم کر دی گئی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق رحمن ملک نے کہا کہ موبائل فون سروس بند ہو سکتی ہے تاہم فیصلہ صوبائی حکومتوں سے مشاورت کے بعد کریں گے۔ کھالیں اکٹھا کرنے کیلئے لاﺅڈ سپیکر کے استعمال کی اجازت نہیں ہو گی۔ نواز شریف کو چاہئے کہ سیاست چھوڑ کر رائےونڈ میں بیٹھ کر کتابیں لکھیں اور سیر کریں۔دریں اثناءوزیرداخلہ سے شیعہ علماءکونسل ڈسٹرکٹ راولپنڈی کے صدر علامہ اشفاق حسین واحدی نے ملاقات کی جس میں ملک کے اندر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ رحمن ملک سے امن کی سفیر معروف بھارتی اداکارہ راگیشوری کی قیادت میں وفد نے بھی ملاقات کی اور پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کی بہتری کیلئے کئے گئے اقدامات کو سراہا۔ قبل ازیں نوابزادہ غضنفر گل نے ملاقات کرکے رحمن ملک کو اپنے حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔
عید پر دہشت گردی کا خطرہ‘ موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ صوبائی حکومتیں کریں گی: رحمن ملک
Oct 24, 2012