اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+نوائے وقت نیوز+آئی این پی) پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی میں انکشاف ہوا ہے پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے ٹیکے(انئرفیرون) کم قیمت پر بننے کی کوشش کو ناکام بنانے کیلئے کام کرنےوالے ڈاکٹر پر جھوٹے الزامات لگا کر منصوبے کو سبوتاژ کردیا گیا جس پر کمیٹی نے معاملے کی تحقیقات کیلئے ڈاکٹر ثمر مبارک مند کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی اور چھ ہفتوں میں ذمہ داروں کا تعین کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے، کمیٹی نے ایف آئی اے کی سفارش پر ڈاکٹر ریاض کا نام ای سی ایل سے نکالنے اور جن افراد کی تنخواہیں روک رکھی ہیں انہیں بحال کرنے کی ہدایت کردی‘ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ہیپاٹائٹس کا انجکشن سستا بن رہا تھا لیکن یار لوگوں نے انجکشن کی تیاری رکوا کر 70 ارب روپے کے باہر سے منگوانا شروع کرا دیئے اس حوالے سے پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی نے کہا معاملہ سپریم کورٹ لیکر جائیں گے۔ مزید برآں کمیٹی نے سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں اکبر بگٹی کے مخالفین میں رقم کی تقسیم کے معاملے کو نمٹا دیا جبکہ سابق وزیراعظم شوکت عزیز پر قاتلانہ حملے سے متاثرہ گاڑی کی مرمت پر 87لاکھ کے اخراجات کی مکمل تفصیلات طلب کرلیں۔ پارلیمنٹ ہاﺅس میں منعقدہ اجلاس میں صدر سیکرٹریٹ‘ وزیراعظم سیکرٹریٹ اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی کو آڈٹ حکام نے بتایا پرویز مشرف کے دور میں نواب اکبر بگٹی کے مخالف قبیلے کلپربگٹی کے لوگوں کی بیت المال سے مسلسل تین سال مالی امداد کی گئی جب یہ لوگ ڈیرہ بگٹی چھوڑ کر گئے تو انہیں پنجاب کے چار اضلاع میں آباد کیا گیا اس رقم میں سے میر ہمدان بگٹی کو بھی رقم ادا کی گئی۔ انجینئر خرم دستگیر نے کہا بیت المال نے آٹھ کروڑ 80 لاکھ روپے تقسیم کئے۔ کمیٹی کو بتایا گیا شوکت عزیز کی گاڑی کیلئے سپیئر پارٹس جرمنی سے منگوائے گئے، کمیٹی نے 7 روز میں گاڑی کی مرمت کے بل‘ حادثے کی ایف آئی آر کی کاپی اور مرمت کی منظوری کے احکامات آڈٹ کو دینے کی ہدایت کرتے ہوئے ایک ہفتہ بعد دوبارہ بلا لیا۔ کمیٹی کو بتایا گیا وزیراعظم سیکرٹریٹ کے ایک کلرک نے سات لاکھ کی جعلسازی کی اور 2006ءمیں جب میاں محمد سومرو وزیراعظم تھے تو ان کو درخواست دی جس پر میاں سومرو نے اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے بیت المال سے سات لاکھ روپے کی رقم جاری کرا دی۔ کمیٹی نے1996-97 کی آڈٹ رپورٹ میں وزیراعظم سیکرٹریٹ کی جانب سے گاڑیوں کے غلط استعمال اور ییلو کیب سکیم سمیت دیگر معاملات پر سات روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ کمیٹی کو بتایا گیا سابق سیکرٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ندیم عرفان نے ہیپاٹائٹس کے انجکشن کی ملک میں تیاری سے روکا۔ رکن کمیٹی خواجہ آصف نے کہا ٹیکوں کے نہ ہونے سے لوگوں کو مرتے دیکھا ہے کمیٹی نے معاملہ نیب کے سپرد کرکے چھ ہفتوں میں ذمہ داروں کا تعین کرکے رپورٹ طلب کرلی جبکہ خواجہ آصف کو کہا اس حوالے سے وہ سپریم کورٹ سے رجوع کریں۔