پی ایچ ایف ایگزیکٹوبورڈ کااجلاس چوبیس اکتوبرکو قاسم ضیاء کی زیرصدارت نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوا۔۔۔ اجلاس میں سیکرٹری آصف باجوہ، اولمپئین رانا مجاہد، ممبران واسع جلیل، خوش بخت شجاعت، بیرسٹر شاہدہ جمیل، اختررسول، حنیف خان اورکنسلٹنٹ طاہر زمان سیمت ہاکی فیڈریشن سے ملحقہ محکموں اور صوبائی ایسوسی ایشنوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔۔۔ دو گھنٹے سے زیادہ وقت تک جاری رہنے والے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ نے بتایا کہ سلیکشن کمیٹی ختم کرکے اختررسول چوہدری کوورلڈ کپ دوہزارچودہ تک قومی ٹیم کا مینجراورچیف کوچ جبکہ حنیف خان کوکوچ، احمد عالم اور اجمل خان لودھی کومعاون کوچ بنادیاگیاہے۔۔۔ انہوں نے کہا کہ اب ٹیم مینجمنٹ کوٹیم منتخب کرنے کا اختیار دے دیا گیا ہے۔۔۔ اوروہی نتائج کے ذمہ دار بھی ہوں گے۔۔۔
اجلاس کے دوران قومی ہاکی ٹیم کی لندن اولمپکس میں کارکردگی، سینئرپلئیرزکے مستقبل ، سال دو ہزار تیرہ کے سپورٹس کیلنڈراورفیڈریشن کے مالی معاملات کابھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔۔۔ اجلاس کے اختتام پرقومی ہاکی ٹیم کے نئے مینجروچیف کوچ اختررسول کاکہناتھا کہ میرا ٹارگٹ قومی ٹیم کی ورلڈ کپ فائنل تک رسائی ہے۔۔۔
قومی ہاکی ٹیم کے نئے کوچ حنیف خان نے کہا کہ سینئرکھلاڑی فٹنس اورکارکردگی دکھا کرقومی ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔۔۔ نئے گول کیپنگ کوچ احمد عالم کاکہناتھاکہ یہ ذمہ داری چیلنج سے کم نہیں ہے۔۔۔
پاکستان ہاکی کی باگ ڈور نئے ہاتھوں میں سونپ دی گئی ہے۔۔۔ مگراب سوال یہ ہے کہ چہروں کی تبدیلی سےدرخشندہ روایات کی حامل قومی ٹیم جیت کی راہ پربھی گامزن ہو جائے گی یاپھرمستقبل میں بھی ایسے ہی میوزیکل چیئرکا سلسلہ جاری رہے گا