اسلام آباد (وقار عباسی سے) وزارت نیشنل ہیلتھ کوآرڈی نیشن اینڈ سروسز نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کیلئے نئی پالیسی بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ پالیسی بورڈ نے پاکستان میں رجسٹرڈ 12 ہزار ادویات و میڈیکل پراڈکٹ کی قیمتوں میں 18 فیصد اضافے پر بھی غور شروع کیا ہے، بورڈ کے فیصلہ پرائسنگ کمیٹی کی منظوری کے بعد نافذ العمل ہو گا۔ ذرائع کے مطابق وزارت نیشنل ہیلتھ کوآرڈی نیشن اینڈ سروسز کے زیرانتظام ڈرگ پالیسی بورڈ کا اجلاس سیکرٹری وزارت امتیاز عنایت الہٰی کی صدارت میں گذشتہ روز منعقد ہوا جس میں بورڈ نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کیلئے نئی پالیسی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بورڈ نے 2001ء سے 2013ء تک پاکستان میں رجسٹرڈ پراڈکٹ کو ڈیڑھ فیصد فلیٹ پرائس دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد ملک میں نیشنل و ملٹی نیشنل فرمز کی رجسٹرڈ 12 ہزار پراڈکٹ کی قیمتوں میں 18 فیصد اضافہ ہوجائیگا۔ اجلاس میں پاکستان فارمابیورز کے عہدیداروں نے پالیسی بورڈ کے مذکورہ فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے قیمتوں میں 50 فیصد فلیٹ پرائس دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ امکان ہے پالیسی بورڈ اپنے فیصلے کو جلد پرائسنگ کمیٹی کو ارسال کریگا جہاں سے منظوری کے بعد یہ بم عوام پر ادویات و میڈیکل پراڈکٹ کی قیمتوں میں اضافے کی صورت میں گریگا۔
وزارت صحت کا ادویات کی قیمتوں میں اضافے کیلئے نئی پالیسی بنانے کا فیصلہ
Oct 24, 2013